اسلام آباد میں ڈینگی مریضوں کی تعداد1250تک پہنچ گئی٬ دیہی علاقوں مین ڈینگی کے خلاف خصوصی مہم 5 نومبر تک جاری رہے گی ٬ڈاکٹر نجیب درانی

منگل 25 اکتوبر 2016 13:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں سیزن میں ڈینگی مریضوں کی تعداد1250تک پہنچ گئی۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ماہر وبائی امراض ڈاکٹر نجیب درانی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ محکمہ صحت اسلام آباد کے زیر اہتمام دیہی علاقوں مین ڈینگی کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے پہلے خصوصی مہم 30 اکتوبر کو اختتام پزیر ہونا تھی تاہم محکمہ صحت اسلام آباد نے دیہی علاقوں میں ڈینگی کی خصوصی مہم میں 6 دن کی توسیع کردی ہے اب ڈینگی کے خلاف خصوصی مہم 5نومبر تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ رواں ڈینگی سیزن میں اسلام آباد میں دیہی علاقوں بالخصوص روات٬ ترلائی٬ سوہان اور بہارہ کہو زیادہ متاثر ہوئے جس میں سب سے زیادہ ڈینگی سے متاثرہ مریض ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سیزن کے دوران اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 1084 جبکہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں 166 ڈینگی کے مریضوں میں وائرس پایا گیا جس کا علاج بے نظیر ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال میں کیا گیا اور تمام مریض علاج معالجہ کے بعد صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی مہم کے دوران ملیریا انسپکٹر٬ سپروائزر اور دیگر عملہ گھروں کے باہرخدمات سرانجام دے رہا ہے جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز گھروں کے اندر ڈینگی لاروا کی آفزائش کی جگہوں کو تلف کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ موسم کی تبدیلی اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ پہلے روزانہ 70 تا 100 افراد ہسپتالوں میں رپورٹ ہوتے تھے تاہم موسم کی تبدیلی کی وجہ سے اب مریضوں کی تعداد بہت کم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد کے گذشتہ پانچ سال کے ڈیٹا کے مطابق ڈینگی کا دورانیہ 12 نومبر تک ہوتا ہے اس کے بعد مچھر ختم ہو جاتا ہے کیونکہ وہ کسی کو کاٹ نہیں سکتا۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ گھروں کے اندر مچھر مار سپرے کریں کیونکہ یہ موسم ڈینگی کیلئے خطرناک ہے کیونکہ مچھر ٹھنڈی جگہوں کی بجائے گرم مقامات پر ٹھکانہ بنا لیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :