سگنل فری ایکسپریس وے منصوبہ ٬ کھنہ ٬ سوہان اور کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری

منگل 25 اکتوبر 2016 13:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے )کے زیر اہتمام اسلام آباد ایکسپریس وے منصوبہ کے تحت کھنہ ٬ سوہان اور کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ٬کھنہ سوہان انٹرچینج منصوبہ پر 2.05 بارب روپے کی لاگت آئے گی اوریہ آئندہ سال جون میں مکمل ہو گا٬ کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام رواں سال مکمل ہو جائے گا ۔

سی ڈی اے کے حکام نے منگل کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ٬ یہ منصوبہ کنٹریکٹ کے مطابق آئندہ سال فروری 2017ء میں مکمل ہونا ہے لیکن جس تیزی کے ساتھ اس منصوبے پر کام جاری ہے امید ہے انٹرچینج پر تعمیراتی کام رواں سال کے آحرمیں مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

کورال انٹرچینج منصوبے پر 1.7 بلین روپے کی لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پرکورال انٹرچینج پر تین انڈر پاسز تعمیر کئے جا رہے ہیں جس میں 2 انڈر پاسز پر کنکریٹ ڈال دی گئی ہے جبکہ تیسرے انڈر پاس پر کنکریٹ کاکام جلد شروع ہوگا۔ سی ڈی اے نے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر سڑک اور آئی ایٹ چوک پر انٹرچینج کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا ہے جس پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

ایکسپریس وے پر شاہراہ کی توسیع کے ساتھ ساتھ انڈر اور اوور پاسز کی تعمیر٬ جدید ٹریفک سینٹرز کا قیام اور سکیورٹی سسٹم کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور جیسا میگا پراجیکٹ ممکن ہوا ہے ۔ اس منصوبے پر تقریباً 21.787 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھنہ اور سوہان انٹرچینج پرتعمیراتی کام کے بعد کورال سے جی ٹی روڈ کی کشادگی پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔