وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث سپورٹس فیڈریشنز میں گروہ بندی ایک بار پھر شروع

پاکستان جوڈو فیڈریشن ہونے کے باوجود وزیر مملکت عابد شیر علی کی سربراہی میں ایک اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کے قیام کی کوشش

منگل 25 اکتوبر 2016 12:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث سپورٹس فیڈریشنز میں گروہ بندی اور متوازی فیڈریشنز بنانے کا عمل ایک بار پھر شروع ہو گیا اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کا قیام ہونے کے باوجود وفاقی کابینہ میں شامل وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی سربراہی میں ایک اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کا قیام عمل میں لانے کی کوشش کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن (پی او اے ) کی تنبہہ کے بعد پاکستان جوڈو فیڈریشن نے اپنے الیکشن رواں سال اگست میں منعقد کروائے تھے جس میں آرمی سپورٹس ڈارئریکٹوریٹ کے کرنل جنید عالم صدر اور منصور احمد آئندہ چار سال کی مدت کیلئے سیکرٹری منتخب ہوئے تھے جبکہ جوڈو کی عالمی تنظیم "آئی جے ایف "کے نمائندے اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے جوڈو فیڈریشن کے انتخابات کو خوش آئند قرار دیا تھا اور فیڈریشن احسن انداز میں اپنے امور بھی سر انجام بھی دے رہی تھی تاہم گزشتہ روز لاہور میںایک اور جعلی الیکشن کرواکر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی سربراہی میں ایک اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کا قیام عمل میں لانے کی کوشش کی گئی جس کے دیگر عہدداران میں شاہد جاوید سیکرٹری ٬ محمود نوید چیئرمین ٬ عابدہ تنویر چیئرپرسن اور امتیاز اکرم فنانس سیکرٹری شامل ہیں جبکہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریا ض حسین سے بھی اس غیر قانونی الیکشن کی حمایت لینے کی کوششیں بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم کا کہنا تھا کہ چند عناصر فیڈریشن کو بدنام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں ٬ ہماری فیڈریشن کا الحاق انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن ٬ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کیساتھ ہے جبکہ لاہور میں ہونیوالے الیکشن سوائے جھوٹ کے اور کچھ نہیں۔دوسری جانب پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز اعظم ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ صرف اسی جوڈو فیڈریشن کو تسلیم کرتی ہے جس کے الیکشن انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن نے کرواے اور کرنل جنید عالم صدر منتخب ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :