ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس

منگل 25 اکتوبر 2016 12:53

رحیم یار خان۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس کا انعقاد۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حادثات سے بچنے کے لئے شعبہ ٹرانسپورٹ میں بہتری لانے کے لئے ہم سب کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا٬تمام ٹرانسپورٹرز 3 یوم میں اپنی گاڑیوں کے تمام ڈرائیورز کے لائسنس٬ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی کاپیاں دفتر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں جمع کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے پاس پی ایس وی لائسنس ہونا ضروری ہے بصورت دیگر گاڑی چلانے پر مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کمپنی مالکان کو ہدایت کی کہ تمام ڈرائیورز کا مستند سرکاری ہسپتالوں سے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا جائے جبکہ تمام ٹرانسپورٹ کمپنی مالکان اپنے ڈرائیورز کے مکمل کوائف معہ گاڑی نمبر تحریر کر کے جمع کرانے کے پابند ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بس اسٹینڈز پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تین دن کے بعد ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مطلوبہ کوائف جمع نہ کرانے اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلا تفریق کاروائی عمل میں لاتے ہوئے گاڑیوں کو بند اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کرے گی۔