ْواپڈا ٹاؤن ملتان میں اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث ملزم سعید احمد خان ڈسٹرکٹ جیل منتقل

ملزم کے اہم انکشا فا ت کے بعد ملتان کے کئی سینئرصحافیوں کوبھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

منگل 25 اکتوبر 2016 12:26

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) واپڈا ٹاؤن ملتان میں اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث ملزم سعید احمد خان کو نیب ملتان نے مزید تحقیقات و تفتیش کے بعد ڈسٹرکٹ جیل ملتان واپس منتقل کر دیا ہے۔نیب حکام ملتان نے واپڈا ٹاؤن ملتان کے سابق سیکرٹری سعید احمد خان سے مزید تفتیش کے دوران ہونے والے انکشافات کی روشنی میںملتان کے کئی نیشنل و علاقائی اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے کئی سینئرصحافیوں کو سعید احمد خان کے بیان کی روشنی میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے سابق سیکرٹری واپڈا ٹاؤن ملتان سعید احمدسے 40-40 سے زائد فائلیں فی صحافی لے کر کروڑوں روپے کمائے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سابق سیکرٹری واپڈا ٹاؤن ملتان سعید احمدنے واپڈا ٹاؤن فیز 3 میں اپنی اربوں روپے کی کرپشن کو چھپانے کے لیے ملتان کے بیسیوں صحافیوں کو واپڈا ٹاؤن فیز 3 کی اربوںروپے کی فائلز بطور رشوت دے کر ان کے منہ بند کرائے تھے جو انہوں نے مختلف ناموں سے حاصل کر کے آگے فروخت کر دیں اور کروڑوں روپے کما لیے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیب حکام ملتان نے واپڈا ٹاؤن کے سابق سیکرٹری سعید احمد خان جو آجکل ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں نیب کی طرف سے اربوں روپے کی کرپشن کیس میں قید ہیں کے اس بین کے بعد ملتان کے ان صحافیوں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے سابق سیکرٹری واپڈا ٹاؤن ملتان سعید احمدکو بلیک میل کر کے اس سے اربوں روپے کی واپڈا ٹاؤن فیز 3 کی فائلیں لے کر آگے فروخت کی ہیں۔

نیب حکام ان کے گرد بھی گھیرا تنگ کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔علاوہ ازیںPIA ہاؤسنگ کالونی ملتان میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث پیپلز یونٹی ملتان کے سابق صدر ابراہیم کھوسہ کو بھی نیب حکام ملتان کی جانب سے مزید تفتیش کے لیے ڈسٹرکٹ جیل ملتان سے دوبارہ اپنی تحویل میں لینے کا ارادہ ہے اوراب چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کے حکم کے مطابق ملک بھر میں نیب حکام کسی بھی میگا یا معمولی کرپشن کیسوں میں ملزمان سے پلی بارگیننگ پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد نیب کے کسی بھی ملزم کو کوئی ریلیف نہ دے کسیں گے۔

متعلقہ عنوان :