دہشت گرد بھاگ رہے ہیں ٬دشمن ختم نہیں ہوا٬جنگ جاری رہے گی٬وزیرداخلہ

کوئٹہ میں بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں٬یہ پورے پاکستان کیلئے دکھ کا لمحہ ہے انصاف ٬ انصاف کی رٹ لگانے سے کچھ نہیں ہوگا ٬ہمیں عملی انصاف کرنا ہو گا ٬ انصاف کے نام پر پارٹی بھی بن چکی ہیں مگر انصاف صرف ایک نعرہ بن کر رہ گیا ہے٬ نیشنل پولیس اکیڈمی میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 12:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ جیسے واقعہ سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے ٬ دہشت گرد بھاگ رہے ہیں ٬ کمزور ہورہے ہیں مگر ابھی ختم نہیں ہوئے ٬آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے٬ پاک افواج اور پولیس ہر روز قربانیاں دی رہی ہیں٬کوئٹہ میں بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں٬انصاف ٬ انصاف کی رٹ لگانے سے کچھ نہیں ہوگا ٬ہمیں عملی انصاف کرنا ہو گا ٬ انصاف کے نام پر پارٹی بھی بن چکی ہیں مگر انصاف صرف ایک نعرہ بن کر رہ گیا ہے۔

نیشنل پولیس اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گرد ملک میں اکا دکا حملے کررہے ہیں پہلے روز کوئی نہ کوئی حملہ ہوتا تھا مگر آج مہینوں میں ایک آدھ حملہ ہورہا ہے دشمن کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا ہے اور جو باقی بچے ہیں وہ بھاگ رہے ہیں ٬ دہشت گرد کمزور پڑ گئے ہیں مگر ابھی ختم نہیں ہوئے ٬ ہمارے فوجی اور پولیس جوانوں نے دہشت گردی کیخلاف بہت سی قربانیاں دیں ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں ٬ ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ انصاف کی بات کرتے ہیں اور انصاف کے ناموں پر پارٹی بھی بن چکی ہے جو انصاف انصاف کی رٹ لگا رہی ہیں مگر انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا ہے اور انصاف ایک نعرہ بن کر رہ گیا ہے۔انہوں نے جوانوں کو مخاطب ہوئے کہا کہ افسران نے جو فیصلہ کرنا ہے وہ سوچ سمجھ کرکرنا ہے کیونکہ آپ کے فیصلوں سے ہی انصاف ہو گا ٬ آپ فیصلہ ایک شخص کو پھانسی پرچڑھا سکتا ہے اور دوسرے کو پھانسی کے تختہ سے واپس لا سکتا ہے اس لئے انصاف کو مدنظر رکھنا کیونکہ روز محشر ہمیں اللہ تعالیٰ کے سامنے پیش ہونا ہے ٬ آپ سچ بولو گے تو آپ پر بہت سے الزامات لگیں گے ٬ آپ کو برا بھلا کہا جائیگا اور بہت سی مشکلات سامنے آئیں گی مگر گھبرانا نہیں اگر آپ کا ضمیر مطمئن اور دل صاف ہے اور کوئی بھی آپ کے ساتھ نہیں تو اللہ تعالی کی ذات آپ کے ساتھ ہوگی اور جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی ذات ہو اسے کوئی آپ کو نقصان نہیں پہنچاسکتا۔

آپ کو حق اور سچ کی تلاش کیلئے کام کرنا ہو گا٬ ٹیم ورک کے ساتھ چلیں گے تو اسی میں کامیاب ہو گی٬کبھی بھول کر بھی اپنے آپ کو عقل کل نہ سمجھنا ٬انسان عقل کل نہیں ہوتا ٬ اللہ کی ذات عقل کل ہے ۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں پولیس سنٹر پرحملے میں بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ٬ آج میرے لئے اور پورے پاکستان کے لئے دکھ کا لمحہ ہے ٬ ساری قوم دکھ میں مبتلاء ہے ٬واقعہ پر گہرا افسوس ہوا اور ہم دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ روزہ مرہ کے کاموں میں خلل ڈالنا دہشت گردوں کا ہی کام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن ابھی ختم نہیں ہوا وہ کمزور ضرور ہوتا ہے ہمیں اس کو مکمل ختم کرنا ہے ٬ دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ کوئٹہ جائوں گا اور حالات کا جائزہ لوں گا۔

متعلقہ عنوان :