کارکردگی بہتربنائیں ورنہ کہیں اورکام ڈھونڈیں٬وزیراعلیٰ سندھ کی سرکاری افسران کو وارننگ

ٹھیکے دینے کے کام میں میرٹ نظر انداز کیا گیا تو کسی کو نہیں چھوڑوںگا٬ اگر کسی کے خلاف شکایت ملی تو وہ نوکری پر نہیں رہے گا٬سید مراد علی شاہ

منگل 25 اکتوبر 2016 12:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں ورنہ کہیں اور کام ڈھونڈیں۔منگل کو کراچی میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں صوبے بھر میں میگا پروجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق اجلاس ہوا٬ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ٬ سیکریٹری بلدیات اوردیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے خصوصی کراچی پیکج کے تحت تیار ہونے والے منصوبوں کے ٹینڈرز نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی کارپٹنگ اور اسنارکلز کی خریداری کے ٹینڈرز ابھی تک کیوں جاری نہیں ہوئے٬ یونیورسٹی روڈ کا منصوبہ بہت اہم ہے٬ تاخیر کا مطلب شہریوں کو مزید تکلیف دینا ہے٬ اگر ٹھیکے دینے کے کام میں میرٹ نظر انداز کیا گیا تو وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے٬ مجھے اگر کسی کے خلاف شکایت ملی تو وہ نوکری پر نہیں رہے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلی نے افسران پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اکیلا ہر چیز پر نظر رکھتا ہوں لیکن آپ لوگوں سے صرف اپنے ڈیپارٹمنٹس میں کام نہیں ہوپارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں ورنہ کہیں اور کام ڈھونڈیں۔وزیراعلی نے اجلاس میں چیف سیکریٹری صدیق میمن کوطلب کرتے ہوئے انہیں کراچی میگا پروجیکٹس کی پیش رفت پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلی نے کراچی کے پروجیکٹس مستند ٹھیکیداروں کے ذریعے معیاری طریقے سے مکمل کئے جانے کی بھی ہدایت دی جب کہ شارع فیصل کی ایک لین بڑھانے اورفٹ پاتھ سمیت نکاس کو بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :