Live Updates

پیپلزپارٹی عمران خان کے موقف کی حامی ہے مگر تحریک انصاف کے طریقہ کار سے اختلاف ہی- اسلام آباد کو بند کرنے کی بات پاکستانی سیاست میں ایک نئی چیز ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت موجود نہیں ہے۔قمرالزمان کائرہ

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 25 اکتوبر 2016 11:57

اسلام آباد(اٴْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25اکتوبر۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے واضح کیا ہے کہ اٴْن کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے مؤقف کے ساتھ ہے٬ لیکن اختلاف صرف عمران خان کے طریقہ کار سے ہے٬ جو کہ غیر آئینی ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تحریکِ انصاف ماضی میں بھی دھرنے اور ریلیاں نکالتی رہی ہے اور ہم نے ہر موقع پر ان کی حمایت کی٬ لیکن اسلام آباد کو بند کرنے کی بات پاکستانی سیاست میں ایک نئی چیز ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت موجود نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش اکیلے چلنے کی ہے اور اگر کوئی جماعت اس طرح سے حکمتِ عملی بنانا چاہے تو اس کا پیچھا نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت پی ٹی آئی نے اسلام آباد بند کرنے کا نعرہ لگا کر حکومت کو طاقت کا استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جس سے وہ مزید مضبوط ہوگی۔وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے ہونے والے رابطے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ جب کوئی بھی جماعت پارلیمنٹ میں ہوتی ہے تو رابطے تو ہوسکتے ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر حکومت ہمارے چار نکات پر عمل کرتی ہے تو ہم اسے کسی بھی مشکل میں نہیں ڈالیں گے٬ لیکن معلامات اگر ایسے ہی چلتے رہے تو 27 اکتوبر کے بعد اپنے مارچ کا بھی اعلان کردیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایسا نہیں کریں گے جو پی ٹی آئی نے کیا٬ ہم تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے مارچ کا حصہ بنائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات