کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں کالعدم لشکرجھنگوی العالمی ملوث ہے ٬آئی جی ایف سی

دہشت گردوں کو افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں٬آپریشن میں پاک فوج کے کمانڈوبٹالین٬ایف سی اورپولیس نے آپریشن میں حصہ لیا٬آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 25 اکتوبر 2016 11:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) انسپکٹر جنرل فرنٹیر کوربلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں کالعدم لشکرجھنگوی العالمی ملوث ہے جنہیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔یہ بات انہوں نے سریاب روڈ کے پولیس ٹریننگ سینٹر کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ آئی جی ایف سی نے بتایا کہ رات 11بجکر10منٹ پر حملے کی اطلاع ملی ہاسٹل میں 3دہشت گرد موجود تھے تینوں خود کش حملہ آور تھے ان دہشت گردوں کو افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔

انہوںنے بتایا کہ ایک دہشت گرد پہلے ہی خودکش دھماکا کرچکا تھا جبکہ2ہاسٹل کے داخلی راستے میں موجودتھے۔آئی جی ایف سی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک دہشت گردکوگولی ماری٬ دوسرے نے خود کو اڑالیا۔

(جاری ہے)

شیر افگن نے بتایا کہ دونوں خودکش دھماکوں میں اہلکار شہید اور زخمی ہوئے٬3 سے 4 گھنٹوں میں آپریشن مکمل کیاگیاآپریشن میں پاک فوج کے کمانڈوبٹالین٬ایف سی اورپولیس نے آپریشن میں حصہ لیا۔میجر جنرل شیر افگن نے کہا کہ یہ کھلی جنگ ہے پہلے بھی بہت سے حملے ناکام بنائے دس محرم کو بھی بڑے حملے کامنصوبہ ناکام بنادیاگیا٬انہوںنے کہا کہ جب اندر اور باہر کے دشمن ملے ہوئے ہوں تو ایسا ہوتا ہے٬ یہاں کے کچھ لوگوں نے دہشت گردوں کی مدد کی ہوگی۔