کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں فائرنگ اور خود کش حملے میں 59اہلکار شہید ‘ 116زخمی ہوئے

فائرنگ میں تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا‘ 2نے خود کو دھماکے سے اڑادیا‘شہر میں خوف وہراس‘فضا سوگوار فورسز نے 250سے زائد زیر تربیت ریکروٹس کو بحفاظت باہر نکال لیا‘ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ

منگل 25 اکتوبر 2016 11:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 59اہلکار شہید جبکہ 116زخمی ہوگئے ٬فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 2نے خود کو دھماکے سے اڑادیا٬سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 250ریکروٹس کوبحفاظت نکال لیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کی رات کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع پولیس ٹرینگ سینٹر پر اچانک دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی اور ہاسٹلز پر قبضہ کرکے سینکڑوں زیر تربیت ریکروٹس کو یرغمال بنالیاواقعہ کی اطلاع ملتے پاک فوج ٬ فرنٹیر کور ٬اینٹی ٹیررارسٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کو قبضے میں لیکر پولیس ٹریننگ سینٹرمیں موجود دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کردیا گیا پاک فوج کے کمانڈوز کی فائرنگ سے ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا جبکہ فورسز نے 250سے زائد زیر تربیت ریکروٹس کو بحفاظت باہر نکال لیا اسی دوران ہاسٹلز میں موجود 2دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑدیا فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں 59زیر تربیت پولیس اہلکار شہید جبکہ 116زخمی ہوگئے زخمیوں میں ایف سی اور پاک فوج کے بھی اہلکار شامل ہیں ٬جن میں سے 8 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے زخمیوں کو نعشوں کو فوری طورپر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں 3مسلح افراد داخل ہوئے اور انہوںنے مورچے سنبھال کر فائرنگ کی آپریشن کے دوران ہاسٹل میں تین دستی بم کے دھماکوں سمیت 5 دھماکے سنے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے ایک حملہ آور کو مار گرایا جبکہ دو خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کے بعد کوئٹہ کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی جبکہ صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ اورسیکرٹری صحت نور الحق بلوچ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کی نگرانی کرتے رہے۔ واقعہ کے بعد شہر میں خوف وہراس پھیل گیا اور فضاء سوگوار رہی-

متعلقہ عنوان :