انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما مومن خان مومن٬ کارکن انتخاب عالم ودیگر کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

پیر 24 اکتوبر 2016 22:20

انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما مومن خان مومن٬ کارکن ..

ْحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) انسداد دہشت گردی حیدرآباد کی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن مومن خان مومن٬ کارکن انتخاب عالم٬ اس کے دو بھائیوں کے علاوہ عابد غوری کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا٬ ان کے خلاف گلشن حالی پولیس اسٹیشن میں بغاوت اور اسلحہ برآمد ہونے کے تین سے زائد مقدمات درج کئے ہیں٬ حالی روڈ پولیس کے مطابق ملزمان کو بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی ورکشاپ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

رینجرز نے مختلف مقدمات میں ایم کیو ایم لندن کے رہنمائوں مومن خان مومن اور ظفر راجپوت کو دو روز قبل گرفتار کیا تھا تاہم اسپیشل مجسٹریٹ نے گذشتہ روز ان کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا مگر بعد میں مومن خان مومن کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا تاہم ظفر راجپوت کو گرفتار نہیں کیا جا سکا٬ اس سے پہلے رینجرز نے فقیر کا پڑ میں چھاپہ مار کر ایم کیو ایم لندن کے کارکن انتخاب عالم کے علاوہ ان کے ساتھ اسی گھر میں رہنے والے اس کے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں راحیل قریشی اور تسلیم عالم قریشی کو بھی گرفتار کر لیا تھا لیکن حالی روڈ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کو نئے پل کے قریب بلدیہ ورکشاپ سے گرفتار کیا گیا تھا٬ مومن خان مومن٬ انتخاب عالم٬ تسلیم عالم٬ راحیل قریشی اور عابد غوری کو انسداد دہشت گردی حیدرآباد کی عدالت میں پیش کیا گیا٬ حالی روڈ پولیس نے ان کے خلاف بغاوت اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کئے ہیں٬ عدالت نے ملزمان کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے٬ پولیس کے مطابق ظفر راجپوت٬ عامر اقبال٬ محمد شریف ان مقدمات میں مفرور ہیں٬ پولیس نے ان مفرور ملزمان کے علاوہ سابق ڈپٹی میئر رشید بھیا کی تلاش میں بھی کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

متعلقہ عنوان :