Live Updates

عمران خان نے ’’رشتہ مانگنے ‘‘ کے حوالے سے اپنے متنازعہ بیان پر طاہر القادری سے باضابطہ معذرت کر لی

تحریک انصاف ٬ عوامی تحریک میں ڈیڈ لاک ختم ‘ڈاکٹر طاہر القادری نے عمران خان کے رابطے کے بعد دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کر لی خود شرکت کروں گا یا نہیں ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا ٬خرم نواز گنڈا پور کو ٹیلیفون کر کے تیاری کرنے کا کہہ دیا ہے‘ سربراہ عوامی تحریک

پیر 24 اکتوبر 2016 22:16

لندن /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک انصاف کے 2نومبر کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے٬عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری کو ٹیلیفون کر کے احتجاج میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ٬سربراہ عوامی تحریک نے اپنی جماعت کو دھرنے میں شرکت کی تیاری کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دیںتاہم اپنی شرکت کا فیصلہ مشاورت کے بعد آئندہ چند روز روز میں کریں گے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق پارٹی سربراہ عمران خان نے عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کو فون کر کے اسلام آباد کے دھرنے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ۔ تحریک انصاف کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی عمران خان کی طرف سے ٹیلیفون کر کے دھرنے میں شرکت کی دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔مرتے دم تک شہیدوں کا خون بھول سکتا ہوں نہ معاف کر سکتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں خود شرکت کروں گا یا نہیں ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا ۔مختلف ممالک کے دوروں کا شیڈول پہلے سے طے ہے جس میں تبدیلی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی تحریک میں عمران خان کے ساتھ ہیں ۔عمران خان نے متنازعہ بیانات پر معذرت بھی کی ہے جس پر میں نے انہیں کہا کہ اسکی قطعا ضرورت نہیں ہم آگے کی بات کریں ۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص کے حوالے سے تحریک انصاف پہلے کی طرح اب بھی ہمارے ساتھ ہے اور کرپشن کے خاتمے کی تحریک میں ہم ہر اس شخص کا ساتھ دیں گے جو ظلم کے نظام کو بدلنے کیلئے باہر نکلے گا۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص کیلئے آخری سانس تک لڑوں گا ٬قصاص تحریک کے علاوہ بھی کرپشن٬دہشتگردی٬آئین کے آرٹیکل 1 سے لے کر 40 تک پر عمل درآمد قومی ایشوز ہیں اور ہمارے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں جماعتوں کے وفود آپس میں ملاقات کریں گے اور احتجاجی تحریک کی جزئیات طے کریں گے اس حوالے سے میں نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کو ضرور ی ہدایات دے دیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے ہمارے 14 بے گناہ کارکنوں کی لاشیں گرائی ہیں ٬بے گناہ کارکنوں کا خون ہم پر قرض ہے ٬انصاف کیلئے مرتے دم تک جدوجہد جاری رکھوں گا سرنڈر نہیں کرونگا ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت اسلام آباد کے احتجاج میں شریک ہو گی ۔پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے بتایا کہ سربراہ عوامی تحریک اس وقت انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں اردن میں ہیں ۔27اکتوبر کے بعد وہ لندن آئیں گے ٬جہاں سے وہ مراکو جائیں گے ٬مراکو کے بعد بھی انکی کچھ انٹرنیشنل مصروفیات ہیں تاہم تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین اگلے 24گھنٹے میں ملاقات کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ایک اور ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور عوامی تحریک میں ڈیڈ لاک ختم کرنے میں شیخ رشید احمد نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اور ان کی کوششوں او ربار بار کے اصرار پر ہی عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطہ کر کے انہیں دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید کی بھرپور کوشش ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام آباد کے دھرنے میں خود بھی شریک ہوں اور اس کیلئے وہ پاکستان میں موجود عوامی تحریک کے رہنمائوں سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔جب اس سلسلہ میںعوامی تحریک کے ترجمان عبد الحفیظ چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو انہوںنے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ’رشتے مانگنے ‘‘ کے حوالے سے میڈیا میں دئیے گئے اپنے بیانات پر ڈاکٹر طاہر القادری سے باضابطہ معذرت کر لی ہے جس کے بعد دونوں جماعتوں نے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دھرنے کی تیاریوں او ر اسے کامیاب بنانے کیلئے دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کی کمیٹیاں بھی بنیں گی اور آئندہ ایک دو روز میں باضابطہ اجلاسوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :