تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہیں٬ مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے٬اس کے حل سے خطے میں پائیدار امن یقینی ہوگا٬عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم ٬انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات میں گفتگو پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں٬ سر مارک لائل گرانٹ٬ آئی ایم ایف سپورٹ پروگرام کی کامیاب تکمیل٬ اقتصادی استحکام کے حصول پر مبارکباد دی

پیر 24 اکتوبر 2016 20:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے‘ مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور اس کے حل سے خطے میں پائیدار امن یقینی ہوگا۔ انہوں نے یہ بات برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لائل گرانٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے وعدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ نہایت موزوں وقت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں 100 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو وحشیانہ طور پر شہید کیا گیا‘ چھرے والی بندوقوں کے استعمال سے سینکڑوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لائل گرانٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس جنگ میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مسلح افواج‘ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرانقدر قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی حمایت سے سیاسی حکومت اور مسلح افواج کے عزم کے نتیجہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ سر مارک لائل گرانٹ نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف سپورٹ پروگرام کی کامیاب تکمیل اور اقتصادی استحکام حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی سے یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان صحت اور تعلیمی شعبوں میں شاندار بہتری لا رہا ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر نے وزیراعظم کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعاون کے لئے آپ کی کاوشوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرتے ہیں۔