اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

پیر 24 اکتوبر 2016 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر خالد اقبال ملک کو اپنی مارکیٹوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں آئی ایٹ مرکز کے صدر راجہ فیاض گل٬ سپرمارکیٹ کے جنرل سیکرٹری محمد حسین٬ جناح سپر مارکیٹ کے فصیح اللہ خان٬ جی نائن مرکز کے جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار٬ جی الیون مرکز کے جنرل سیکرٹری زاہد رفیق٬ مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ٬ خالد چوہدری اور دیگرشامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے یقین دلایا کہ چیمبر مارکیٹوں کے مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹ یونینز تحریری طور پر اپنے مسائل چیمبر کو بھیجیں تاکہ ایک جامع ایجنڈا تیار کر کے چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کافی عرصہ سے اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس وجہ سے اکثر مارکیٹیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد ترجیحی بنیادوں پرمارکیٹوں میں ترقیاتی کام مکمل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر بہت جلد اسلام آباد میں فیسٹیول کا انعقاد کرے گا اور اس سلسلہ میں کسی بھی کمپنی کو ٹھیکہ نہیں دیا جبکہ تمام مارکیٹیں چیمبر کے ساتھ مل کر فیسٹیول منعقد کرانے پر متفق ہیں۔ مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری مسائل حل کرانے کیلئے چیمبر کے ساتھ ہے اگر سی ڈی اے نے مسائل حل نہ کئے تو راست اقدام کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

آئی سی سی آئی کے علاوہ کسی کو بھی فیسٹیول لگانے کی اجازت نہ دیں گے۔ اجلاس میں چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے کہا کہ سی ڈی اے کے چیئرمین اور مئیر اسلام آباد کے سامنے مارکیٹوں کے مسائل رکھیں گے اور امید کرتے ہیں کہ چیئرمین ان مسائل کو حل کرنے میں تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :