سپریم کورٹ٬ ٹھٹھہ میں قائم رائل شراب خانے کو کھولنے کی استدعا مسترد

پیر 24 اکتوبر 2016 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء) سپریم کورٹ میں شراب خانے کی بندش کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی‘ عدالت نے ٹھٹھہ میں قائم رائل شراب خانے کو کھولنے کی استدعا مسترد کردی۔ رائل شراب خانے کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ مسلم علاقوں میں شراب خانے پر پابندی عائد کی جائے اس پر جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ سندھ ہائی کورٹ نے مسجد‘ سکولز‘ امام بارگاہ سمیت تمام علاقوں میں پابند عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شراب خانے بند ہونے سے آپ کا کاروبار متاثر ہوگا لیکن اس سے معاشرے کیلئے بہتری ہوگی۔ آپ وزیر اعلیٰ سندھ سے کسی اور جگہ شراب بیچنے کیلئے اجازت نامہ لے لیں۔

(جاری ہے)

شراب خانے کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ دیوالی کا تہوار آرہا ہے شراب خانہ کھولنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کسی تہوار کیلئے شراب بیچنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں جہاں ایک کمیونٹی کیلئے شراب کی اجازت ہے وہیں دوسری کمیونٹی کیلئے پابندی ہے۔ ہمیں کچی اور پکی شراب کے بارے میں پتہ نہیں وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ مسلم کمیونٹی کچی شراب پینا شروع کردیں گی۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کو شراب سے متعلق کاروبار کیس ایک ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کردی اور کیس نمٹا دیا۔ (عابد شاہ)