کراچی کی مختلف مارکیٹوں کی ایسوسی ایشنز نے نام نہاد کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا

پیر 24 اکتوبر 2016 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء) کراچی بھرکی مختلف مارکیٹوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے نام نہاد کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر لگائے گئے تمام تر الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں سراسر بے بنیاد قرار دیا ہے اور دو ٹوک الفاظ میں واضح طور پر کہا ہے کہ وہ سب کراچی چیمبر کی چھتری تلے مکمل طور پر متحد تھے٬ ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

آل کراچی انجمن تاجران اتحاد کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں شرکاء نے کراچی چیمبر کی جانب سے دکانیں بند کرنے کے اوقات کار 2گھنٹے بڑھا کر رات9بجے کرنے اور دکانوں کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے رات10بجے تک کا حتمی وقت مقرر کرنے کے فیصلے کی متفقہ طور پر حمایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آل کراچی انجمن تاجران اتحاد کے صدر رفیق جدون٬ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن طارق روڈ کے صدر محمد اسلم بھٹی٬اے کے اے ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری محمد الیاس میمن٬صدر آل بیڑی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سیف الرحمان٬صدر میٹھادر مرچنٹس ایسوسی ایشن نعیم اختر ذکی٬بانی چیئرمین آل سندھ لبریکینٹس ڈیلرز ایسوسی ایشن طارق اعوان٬ صدر نورانی ویلفیئر ایسوسی ایشن عبدالحمید بادلا٬ قائد آباد٬ لانڈھی و ملیر کی مارکیٹوں کے نمائندے جاوید ارسلان خان٬بابر مارکیٹ لانڈھی کے نمائندے راشد علی شاہ٬ اے کے اے ٹی آئی کے جوائنٹ سیکرٹری عبدالجبار٬ گارڈن کی مارکیٹوں کے نمائندے آصف شہزاد٬ ایوان صنعت و تجارت روڈ پر قائم مارکیٹوں کے نمائندے خرم سہگل اور لطیف سنگہیانی٬ صدر الائنس آف مارکیٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے اشرف موٹلانی٬ عارف کوئٹہ والااورنسیم یوسف٬کاغذی بازار کے نمائندے سکندر دوپٹے والا اورسلیم سراج٬ موتن داس مارکیٹ کے نمائندے ناصر٬ جامع کلاتھ مارکیٹ کے نمائندے ارشاد و دیگر بھی شریک تھے۔

اجلاس کے شرکاء نے حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے گمراہ کن بیانات کے پیچھے ایسے بے ایمان عناصر ہیں جنہوں نے غیر قانونی طریقے سے نام نہاد تاجر اتحاد٬ الائنسز ٬ بزنس فورمز و دیگر ادارے قائم کر رکھے ہیں جن کا واحد مقصد اس قسم کے بیانات دے کر صرف اور صرف سستی شہرت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب یہ عناصر سستی شہرت حاصل کرنے کے غرض سے کراچی کی ایک سیاسی جماعت کی کال پر ہڑتال کی حمایت میں باقائدگی سے بیانات جاری کیا کرتے تھے لیکن اب صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے اور سندھ حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ پختہ عزم کررکھا ہے کہ وہ کسی صورت بھی کراچی میں ہڑتالوں کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایسے حالات میں ان نام نہاد تاجر اتحاد اور الائنسز کے پاس سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا ماسواء اس کے کہ یہ عناصر کراچی چیمبر کا امیچ سبوتاژ کرنے کی نیت سے گمراہ کن اور بے بنیاد بیانات دیں ۔ تاہم وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ شہر بھر کے تمام چھوٹے تاجر کراچی چیمبر کے پلیٹ فارم پر اپنا بھرپور اتحاد برقرار رکھے ہوئے ہیں جو پچھلی دو دہائیوں سے بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں مؤثر طریقے سے اُن کی حقوق کے لیے آواز بلند کررہاہے۔

ا ے کے اے ٹی آئی کے اجلاس میں شرکاء نے اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اِن تمام جعلی تاجر اتحادوں اور الائنسز کی توجہ صرف سستی شہرت حاصل کرنے پر ہے اور اس سے آگے نہ انہوں نے کچھ کیا اور نہ ہی کچھ کرنے کی سکت رکھتے ہیں لہذا میڈیا کو ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے اور اپنی ساکھ کو برقرار رکھتے ہوئے اس قسم کے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر وہ واحد ادارہ ہے جو بزنس مین گروپ کی ’’ عوامی خدمت ‘‘ کی واضح پالیسی پر عمل پیرا ہو کر شہر بھر کی پوری تاجر و صنعتکار برادری خصوصاًً چھوٹے تاجروں کے لئے عرصہ دراز سے بھرپور آواز بلند کرتا چلا آرہا ہے جس کے باعث چھوٹے تاجروں کا اعتماد بہال ہوا۔

انہوں نے کہاکہ یہ نام نہاد اتحاد اور الائنسز جو چھوٹے تاجروں کی نمائندگی کادعویٰ کرتے ہیں انہوں نے کبھی بھی تاجربرادری کے مفاد کے لیے کام نہیں کیا لیکن صرف میڈیا میں کسی بھی طرح زندہ رہنے کے لیے توجہ حاصل کرنے کی ضرور کوشش کی۔چھوٹے تاجر اِن عناصر کی سرگرمیوں اور سازشوں سے بخوبی واقف ہیں اور کراچی چیمبر کی سچائی٬ دیانت داری اور طاقت سے بھی واقف ہیں جسی95فیصد چھوٹے تاجروں کی غیر مشروط حمایت حاصل ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ امر تسلی بخش ہے کراچی چیمبر کے عہدیداران چھوٹے تاجروں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے 24گھنٹے کام کررہے ہیں اور خاص طور پر مشکل وقت میں وقتاً فوقتاً انہوں نے عملی طور پر اس کو ثابت بھی کیا۔ ایسے عناصر کی جانب سے کراچی چیمبرکے باہر دھرنے دینے کے اعلان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اِن کو کراچی چیمبر کے ہزاروں حمایتوں کی جانب سے شدید مزاحمت کاسامناکرنا پڑے گا اور وہ کسی کو بھی کراچی چیمبر کے امیج کوسبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جو بی ایم جی کے رہنماؤں اور کے سی سی آئی کے عہدیداران کی وقتاً فوقتاً دو دہائیوں کی سخت جدوجہدکانتیجہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :