بھارتی چینلز و ڈراموں کی بندش کا حکومتی اقدام خوش آئند ہے٬ احسن خان

پاکستانی ڈراموں کو بین الاقوامی سطح پر دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے٬ عقیل عباس ْفنکار اور کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں٬ ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہنا چاہئے٬ شنہیلا اعوان

پیر 24 اکتوبر 2016 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء) لالی وڈتھیم اوپن ایئر کیفے ’’چائے شائے‘‘ کی سی ای او شنہیلا اعوان نے ڈامہ سیریل ’’اڈاری‘‘ کی کاسٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ جس میں اداکار احسن خان٬ عقیل عباس٬ ارسلان شیخ٬ کاشف احمد ٬ رئیس خان و دیگر نے شرکت کی۔ اداکار احسن خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’’اُڈاری‘‘ ایک مکمل فیملی ڈرامہ ہے۔

جس میں پاکستان کے کلچر کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر نے بہت محنت کی ہے۔ جس کی بدولت اسے بھرپور عوامی پذیرائی مل رہی ہے جو کہ ایک مکمل ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ اس میں تمام کرداروں جس میں بشریٰ انصاری٬ عروہ حسین٬ فرحان سعید٬ سفیہ ممتاز اور چائلڈ اسٹار عریشیہ ٬ محمد سعد نے دل جوئی سے کردار نبھایا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی چینلز کی موجودہ بندش پر تبصرہ کرتے ہوئے احسن خان نے کہاکہ یہ اچھا حکومتی اقدام ہے جس کی فنکار برادری بھرپور حمایت کرتی ہے اور ملکی مفاد میں جوبھی فیصلے حکومت کرے گی ہمیں قابلِ قبول ہوگا۔

جنگ اور کشیدگی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ اسے باہمی مشاورت اور مذاکرات سے حل ہونا چاہئے۔ فنکار امن کے سفیر ہوتے ہیں۔ ان کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھے ہدایت کار اور ڈرامہ نگاروں کو آگے آنا چاہئے اور نئے ٹیلنٹ کو سپورٹ کرنا چاہئے تاکہ عوام کو اچھے معیاری اور اانٹرٹینمنٹ ڈرامے و فلمز مہیا کی جاسکیں۔

اس کے لئے حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور اس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ اور وہ وقت دور نہیں جب ہماری انڈسٹری اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔ اس موقع پر اداکار عقیل عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا بین الاقوامی سطح پر ایک اچھا نام اور مقام ہے اور انہیں باقاعدگی سے دیکھا جاتا ہے اور پسند بھی کیا جاتا ہے۔

ہمیں کسی کے پیچھے بھاگنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں موقع دیا جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ہمارے پاس اچھے چینلز اور آئیڈیل لوکیشن ہیں جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ اس موقع پر میزبان شنہیلا اعوان نے کہا کہ فنکار اور کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہمارا فرض ہے اور آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کرکے حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر معروف سماجی شخصیت نصرت واحد٬ سمینہ سلام ٬ ڈیزائنر بلال اعوان٬ شان پیرانی٬ ارسلان راجہ٬ ماڈل وصی علی اور دیگر نے شرکت کی بعدازاں مہمانوں میں پھول اور تحائف تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :