حکومت ہر شخص کو دہلیز پر حق مہیا کرے ٬تمام ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن فی الفور جاری کرے ٬ سیف یار خان

محمد اقبال کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے ٬متعلقہ حکام کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ٬ ممبر نیشنل کونسل پاک سر زمین پارٹی

پیر 24 اکتوبر 2016 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء)ممبر نیشنل کونسل پاک سر زمین پارٹی سیف یار خان نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے ملازم محمد اقبال کا پینشن نہ ملنے پر خود سوزی کرناایک لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے محمد اقبال کی خود سوزی کو قتل قرار دیااور ان کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین اپنی پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت کرنے کے بعد اپنے جائز حق کی خاطر ضعیفی میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبو ر ہو جاتے ہیں٬ان کے خاندان قسمہ پرسی کی زندگیاں گزارنے پر مجورہیں٬ اور ہماری حکومت اسے خود پر بوجھ سمجھتی ہے ٬ گھروں کے کرائے ٬ بچوں کی تعلیم اور ضعیفی میں علاج و معالجے کے اخراجات کی خاطر اپنی ہی رقم کے حصول کے لئے یہ جابرانہ نظامِ حکومت ان ملازمین کو خود سوزی پر مجبور کر دیتا ہے۔

پاک سر زمین پارٹی اس فسودہ نظام میں بہتری کا مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت ہر شخص کو اس کے دہلیز پر اس کا حق مہیا کرے اور تمام ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن فی الفور جاری کرے ۔نیز محمد اقبال کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے اور متعلقہ حکام کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔