وزیر اعلیٰ سندھ کا تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کے متعلق بیان نظریہ پاکستان کے برعکس ہے ٬حافظ نصراللہ عزیز

ملک کے اسلامی تشخص کو مٹانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے٬نظریہ پاکستان کے مخالفین سے کھلی جنگ ہے ٬جماعت اسلامی سندھ

پیر 24 اکتوبر 2016 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ سندھ باب الاسلام ہے اور ان شاء اللہ رہے گا ۔گذشتہ آٹھ سالوں سے بر سر اقتدار پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو ناچ گانے کے علاوہ اور کیا دیا ہی وزیر اعلیٰ سندھ کا تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کے متعلق حالیہ بیان نظریہ پاکستان کے برعکس ہے ۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک دوران لوگوں نے ناچ گانے یا لبرل معاشرے کے قیام کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کا نعرہ لگاکراپنی جان ومال واملاک کی قربانیاں دیکر ہجرت کی تھی۔ سید خاندان اہل بیت سے وابستہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اس طرح کا بیان ہر گز زیب نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

علماء کرام اور اسلامی نظریاتی کونسل صوبہ کے سربراہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے اس طرح کے بیان پر قوم کو شرعی نقطہ نگاہ سے اپنی رائے سے آگاہ کرے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا ٬تیل گیس اورکوئلہ سمیت قدرتی دولت سے مالامال ہونے کے باوجودحکمرانوں کی بددیانتی کی وجہ سے سب زیادہ غربت کا شکار سندھ کے عوام ہیں حتیٰ کہ وہ صحت وتعلیم اورصاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں یہ سب استحصالی نظام اورلبرل وسکیولرقیادت کاکارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ وملک کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے٬ملک کے اسلامی تشخص کو مٹانے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ نظریہ پاکستان کے مخالفین سے کھلی جنگ ہے ۔اس لیئے سندھ کے وزیراعلیٰ کو چاہئے کہ وہ اپنی توجہ سندھ کے عام آدمی کے معیار زندگی کو بھتربنانے پرتوجہ دیں۔