ہماری حکومت معاشرے میں ہر سطح پر اساتذہ کی قدر و منزلت بڑھائیگی٬مظفرسیدایڈووکیٹ

پیر 24 اکتوبر 2016 19:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے اساتذہ کو واضح کیا ہے کہ ہماری حکومت معاشرے میں ہر سطح پر اساتذہ کی قدر و منزلت بڑھائے گی کیونکہ ان کا تعلق مقدس و پیغمبرانہ پیشے سے ہے ان کی شبانہ روز محنت نوجوان نسل میں اسلام کی نشاط ثانیہ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے نیز یقین دلایا کہ شعبہ تعلیم سے متعلق بجٹ اعلانات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا جن میں ہر سکول کی سطح پر بچوں کی بنیادی دینی تعلیم کیلئے معلمین دینیات اور جسمانی نشو و نما کیلئے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کی اسامیوں کی بحالی سرفہرست ہیں ضروری ہوا تو اس ضمن میں غفلت کے مرتکب حکام سے باز پرس بھی کی جائے گی وہ آل ٹیچرز کوآرڈی نیشن کونسل کے نمائندہ وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے سید محمد شاہ باچا کی زیرقیادت ان سے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے بعض مسائل و مطالبات سے انہیں اگاہ کیا وفد میں تنظیم اساتذہ پاکستان کے شعبہ بہبود کے صدر خیراللہ حواری کے علاوہ اساتذہ کے مختلف شعبوں اور تنظیموں کے عہدیدار شامل تھے جنہوں نے گریڈ ایک تا پندرہ اساتذہ کو ون اور ٹو سٹیپ اپ گریڈیشن جبکہ اس سہولت سے محروم اساتذہ و علماء کو پری میچور انکریمنٹ نیز کالج اساتذہ کیلئے بلاامتیاز پی ایچ ڈی اور ایم فل الائونس کے اجراء پر صوبائی حکومت بالخصوص وزیرخزانہ کا شکریہ ادا کیا اور تعلیمی پالیسی کامیاب بنانے کیلئے بھرپور محنت و تعاون کا یقین دلایاتاہم شکوہ کیا کہ صوبائی حکومت نے پہلے دن سے تعلیمی ایمرجنسی لگائی اور اساتذہ کو ترقیافتہ ممالک کی طرح اونچا مقام دینے کا اعلان کیامگر محکمے بعض بجٹ اعلانات کو تاحال عملی شکل نہ دے سکے جس پر وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ اگلے چند روز میں وہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا کر بجٹ اعلانات پر سو فیصد عمل درآمد کرائیں گے جن میں سکول و کالج سربراہان کو ادارہ جاتی الائونس٬ سکیل سولہ کے اساتذہ کو خصوصی الائونس اور سکیل سترہ تا بائیس کے اساتذہ کو خصوصی پیکیج کی فراہمی شامل ہیں اسی طرح انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ خزانہ اساتذہ کو ٹائم سکیل دینے میں رکاوٹ نہیں بنے گا جبکہ وہ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے متعلقہ ذمہ داران کو بھی اعتماد میں لیں گے مظفر سید ایڈوکیٹ نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ برادری نوجوانوں کی دینی و دنیاوی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے ذریعے اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر بنانے میں ہمارے دست و بازو بنیں گے۔