خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے شاہ منصور ٹائون صوابی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لے لیا

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ٬ سیکرٹری پی اے سی ٬محکمہ قانون پر مشتمل جائنٹ کمیٹی تشکیل دیدی٬ انکوائری رپورٹ 15دن تک پیش کریگی

پیر 24 اکتوبر 2016 19:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے شاہ منصور ٹائون صوابی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ٬ سیکرٹری پی اے سی اور محکمہ قانون پر مشتمل جائنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی انکوائری رپورٹ پندرہ دن تک پیش کرے گی ۔پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ممبران کمیٹی محمود خان بھیٹنی ٬قربان علی خان ٬محمود جان ٬مفتی سید جانان اور ارباب وسیم حیات خان کے علاوہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ٬پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہ منصور ٹائون صوابی ٬سیکرٹری اسمبلی آمان اللہ خان ٬ایڈیشنل سیکرٹری پی اے سی امجد علی کے علاوہ محکمہ قانون اور فنانس سمیت دیگرمتعلقہ حکام اور متاثرین پلاٹس نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شاہ منصور ٹائون صوابی کی جانب سے لوگوں کو الاٹ کئے گئے پلاٹس پر تفصیلی بحث کی گئی ۔

متاثرین نے الزام عائد کیا کہ ان کو الاٹ کئے گئے پلاٹس جن کی قیمتیں محکمہ وصول کر چکا ہے ان کو بلاجواز منسوخ کیا گیا ہے ۔جبکہ دوسری جانب محکمہ کی جانب سے ایک ہی پلاٹ کو ایک سے زائد افراد کو الاٹ کرکے پلاٹوں کے مالکان کو عجیب مشکلات سے دوچار کیا گیا ہے۔کمیٹی کو محکمہ کی طرف سے بتایا گیا کہ کچھ پلاٹس کے بارے میں کیسزعدالتوں میں ہیں اور اس ضمن میں عدالتی احکامات کا انتظار کیا جارہا ہے جبکہ کچھ پلاٹس ایسے ہیں جن کے بارے میں مجاز اتھارٹی سے منظوری نہیں لی گئی ۔

کمیٹی نے فریقین کا موقف سننے کے بعد ایک جائنٹ کمیٹی تشکیل دی جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ٬سیکرٹری پبلک اکائونٹس کمیٹی اور محکمہ قانون کے حکام شامل ہوں گے ۔ سپیکرنے مذکورہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ جو کیسزعدالتو ں میں ہیں ان کے علاوہ ایسے کیسز جن کی مجاز اتھارٹی سے منظوری کی ضرورت ہے یا کوئی معمولی رکاوٹ ہے ان کے بارے میں مکمل تحقیقات کرکے ایک جامع رپورٹ پندرہ دن کے اندر پیش کی جائے تاکہ حقدارپلاٹ مالکان کو پلاٹس کی الاٹمنٹ ممکن بنائی جاسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر جو کہ کمیٹی کے چیئر مین بھی ہیںنے کہا کہ اس ضمن میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ عوام کو ذہنی کوفت سے نجات دلاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیاکیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقی الاٹیوں کو ضرور ان کا حق دلایا جائیگا ۔سپیکرنے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ شاہ منصور ٹائون شپ صوابی کامیابی سے چلے اور عوام پر اپنا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو۔انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کیلئے یہ ایک اچھا پراجیکٹ ہے اور ہم سب باہم مل کراس کی ترقی کے لئے کام کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :