پشاور٬سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ نے صحت و صفائی کیلئے کام کرنیوالے متعلقہ اداروں اورتنظیموں کی کا رکردگی کا جائزہ لیا

پیر 24 اکتوبر 2016 19:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء)سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات خان نے صوبے کو انسانی فضلے سے پاک کرنے کے لئے متعلقہ اداروں اور تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واٹسن سیل کو اس حوالے سے ڈیٹا بیس پر جلداز جلد رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کی ۔وہ لوکل کونسل بورڈ میں صوبائی سینٹیشن اپ سکیلنگ کمیٹی کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیف انجینئر لوکل کونسل بورڈ٬پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ٬محکمہ تعلیم٬یونیورسٹی آف انجینئرنگ پشاور٬محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبر پختونخوا٬سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ٬ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی برائے خیبر پختونخوا٬یونیسف پلان انٹر نیشنل پاکستان٬آئی آر سی اور آئی آر ایس پی کے نمائندوں نے شرکت کی اور صحت و صفائی کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومت کی طرف سے پانی و صفائی کیلئے مختلف فنڈز خاص کر سنیٹیشن اپ سکیلنگ کیلئے 5فیصد فنڈزپر بات ہوئی اور واضح کیاکہ سنیٹیشن اپ سکیلنگ کیلئے صوبے میں کوئی بھی پراجیکٹ شروع کرنے سے پہلے کسی بھی تنظیم کو صوبائی تکنیکی کمیٹی سے منظوری لینا ہوگی۔کمیٹی نے صوبائی تکنیکی کمیٹی کو’’ورڈ ٹوائلٹ ڈے‘‘ منانے کے لئے جلد از جلد سفارشات پیش کرنیکی بھی ہدایت کی۔

کوارڈینیٹر واٹسن سیل نے سالڈ ویسٹ ڈمپنگ گرائونڈ اور صحت و صفائی کے حوالے سے دیہی و محلہ کونسل کے کردار کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔انہوں نے اس وقت آٹھ ضلعوں میں مختلف تنظیموں کی طرف سے کئے گئے کام کا حوالہ دیکر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے کردار کو سراہا کہ مردان٬صوابی٬دیر اپر٬شانگلہ ٬پشاور ٬نوشہرہ٬بونیر اور بنوں میں انہوں نے ان تنظیموں کیساتھ مل کر صحت و صفائی کیلئے خاطر خواہ خدمات انجام دی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ صحت و صفائی کیلئے شروع کئے گئے ان منصوبوں کو دوسرے ضلعوں تک وسعت دی جائے۔