پاکستان بہتر ہاتھوں میں ٬ اس کا مستقبل تابناک ہے ٬ یہ 2050ء تک ترقی یافتہ قوم کے طور پر ابھرے گا٬قطری شاہی اور کاروباری شخصیات پاکستان کے کاروباری دوست ماحو ل سے استفادہ ٬ مختلف شعبوںمیں سرمایہ کاری کریں ٬ قطر ی سرمایہ کار ’’فیفا 2022ء ورلڈ کپ‘‘ کی میزبانی کی تیاریوں کے سلسلے میں دوحہ میں تعمیراتی سرگرمیوں کے پیش نظر سیمنٹ کی بڑھتی طلب پوری کرنے کیلئے سیمنٹ کی تیاری اور مختلف شعبوں میں سرکاری اور نجی سطحوں پر پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں٬ پاک چین اقتصادی راہداری کا شاندار منصوبہ نئی راہیں کھولے گا

صدر ممنون حسین کی قطری بزنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں وفد سے گفتگو

پیر 24 اکتوبر 2016 19:28

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قطری شاہی اور کاروباری شخصیات پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے سٹریٹجک محل وقوع‘ سرمایہ کاری کے مواقع‘ کاروباری دوست ماحول اور حکومت کی سرمایہ کاری کی حامل سود مند پالیسیوں سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوںمیں سرمایہ کاری کریں ٬ قطر کے سرمایہ کار ’’فیفا 2022ء ورلڈ کپ‘‘ کی میزبانی کی تیاریوں کے سلسلے میں دوحہ میں تعمیراتی سرگرمیوں کے پیش نظر سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے سیمنٹ کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں سرکاری اور نجی سطحوں پر پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں٬ پاک چین اقتصادی راہداری کا شاندار منصوبہ بھی نئی راہیں کھولے گا اور تجارت و معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری مواقع پیش کرتا ہے پاکستان بہتر ہاتھوں میں ہے اس کا مستقبل تابناک ہے اور اقتصادی کارکردگی اور کاروباری مواقع کی بنیاد پر یہ 2050ء تک ایک ترقی یافتہ قوم کے طور پر ابھرے گا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو قطر کی شاہی اور کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے قطری بزنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں ان سے یہاں ملاقات کی۔ صدر مملکت ممنون حسین جو امیر قطر کی دعوت پر چار روزہ دورہ پر ہیں نے وفد کو بتایا کہ سرمایہ کاری دوست ضابطوں اور خطے میں بلند ترین شرح منافع کے ساتھ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مواقع کی سرزمین تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے توانائی ٬بنیادی ڈھانچے٬ تعلیم اور زراعت بالخصوص کارپوریٹ فارمنگ‘ حلال فوڈ اور ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار ’’فیفا 2022ء ورلڈ کپ‘‘ کی میزبانی کی تیاریوں کے سلسلے میں دوحہ میں تعمیراتی سرگرمیوں کے پیش نظر سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے سیمنٹ کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں سرکاری اور نجی سطحوں پر پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہتر حکمرانی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارے اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا شاندار منصوبہ بھی نئی راہیں کھولے گا اور تجارت و معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری مواقع پیش کرتا ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان بہتر ہاتھوں میں ہے اس کا مستقبل تابناک ہے اور اقتصادی کارکردگی اور کاروباری مواقع کی بنیاد پر یہ 2050ء تک ایک ترقی یافتہ قوم کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے کاروباری شخصیات کو بتایا کہ سی پیک کے تحت جوہری‘ کوئلہ‘ شمسی اور پن بجلی سمیت توانائی کے کئی منصوبے قائم کئے گئے ہیں۔ سی پیک سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستیں راہداری کے ساتھ منسلک ہونے کی خواہاں ہیں جو پاک چین سرحد پر خنجراب کو گوادر کے ساتھ ملائے گی۔ شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی جڑیں مشترکہ عقیدے‘ ثقافت اور تاریخ میں پیوست ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط میں اضافہ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں مشترکہ منصوبوں اور کاروباری مواقع تلاش کرنے کے لئے اپنی بزنس ایسوسی ایشن میں سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیں گے۔

شیخ فیصل نے کہا کہ وہ پاکستان اور قطر کے درمیان فعال کاروباری رابطوں اور تعاون کے لئے ٹھوس طریقہ کار وضع کرنا چاہیں گے۔ پاکستانی حکام کو اس ضمن میں قطری سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو اپنی ٹھوس تجاویز پیش کرنی چاہئیں۔ صدر نے وفد کو اپنی بھرپور معاونت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ سرمایہ کاری بورڈ کو ٹھوس کاروباری منصوبہ وضع کرنے اور اس ضمن میں قطری بزنس ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے اور مشاورت کے لئے دوحہ کا دورہ کرنے کی بھی ہدایت کریں گے۔