Live Updates

عمران خان کوسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت ملکی اداروں پر بھی جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا نے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا٬ میاں جاوید لطیف

پیر 24 اکتوبر 2016 19:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان جن الفاظ کا چنائو کرتے ہیں وہ گذشتہ 70 سالوں میں کسی بھی ملکی سیاسی رہنما نے استعمال نہیں کیے٬ وہ دوسروں پر تو بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں لیکن خود اور اپنے ساتھیوں کو دودھ سے دھلا سمجھتے ہیں جو انکی غلط فہمی ہے٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا٬ انہوں نے کہا کہ عمران خان 2013ء سے لیکر ملکی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت ملکی اداروں پر بھی جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں جس سے انہیں نہ تو ماضی میں کچھ حاصل ہوا اور نہ ہی اب ہو گا٬ میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی طرف سے ہم پر جو پاناما پیپرز کا الزام لگا ہے ہم اس کے جواب کے لیے تیار ہیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا تو انتظار کریں٬ بلاوجہ عوام کے لیے مشکلات کیوں پیدا کر رہے ہیں٬ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کریں گے٬ عمران خان بلاوجہ لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں٬ غیر قانونی طریقے سے اسلام آباد کو بند کر نے سے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا ہونگی٬ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اس قسم کے حربوں سے گھبرانے والی نہیں بلکہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :