وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ کی ملاقات

سر مارک لائل گرانٹ کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی تعریف وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے لائق تحسین اقدامات کئے ہیں٬دہشتگردی و انتہاپسندی کیخلاف پنجاب حکومت نے موثر قانون سازی کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ‘سر مارک لائل گرانٹ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے باعث پاکستان پرامن اور محفوظ ملک بن چکا ہے٬شہبازشریف دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں افواج پاکستان٬ پولیس اور سکیورٹی اداروںکے افسروں اورجوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے ہم سب نے مل کر عہدہ برآ ہونا ہے ‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 24 اکتوبر 2016 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے ملاقات کی٬ملاقات میںپنجاب میں سکیورٹی اور امن و امان کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے لائق تحسین اقدامات کئے ہیںاوردہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف پنجاب حکومت نے موثر قانون سازی کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے کہا کہ برطانوی حکومت پنجاب میں دہشت گردی وانتہاء پسندی کے خاتمے کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوراس ضمن میں پنجاب حکومت کو برطانیہ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرسرمارک لائل گرانٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن٬ ترقی٬ خوشحالی اور سلامتی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں ۔

شہریوں کی جا ن و مال کے تحفظ اوردہشت گردی و انتہاء پسندی کے قلع قمع کیلئے پولیس اور سکیورٹی اداروں کوجدید تربیت سے لیس کیاگیا ہے اورپنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی فورس بھی تشکیل دی ہے جو دہشت گردوںاورانتہاء پسندوں کے خلاف موثر انداز میں برسر پیکار ہے۔ پنجاب حکومت پولیس اور سکیورٹی اداروں کی استعدادکار بڑھانے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

لاہور میں جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی آغاز کردیاگیا ہے اور اس اہم ترین منصوبے کو پنجاب کے دیگر چھ بڑے شہروں تک وسعت دی جائے گی ۔ پنجاب حکومت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے شہروں کو محفوظ بنا رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں معاشی استحکام ٬ ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے فول پروف سکیورٹی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور پولیس فورس کی جدید خطوط پر تربیت اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی سے صوبے میں انسداد دہشت گردی اور جرائم کی وارداتوں کی روک تھام میں اہم کامیابیاں حاصل ہو ئی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں افواج پاکستان٬ پولیس اور سکیورٹی اداروںکے افسروں اورجوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی پر قابو پانے کے اقدامات کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے ہم سب نے مل کر عہدہ برآ ہونا ہے۔آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے باعث پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک بن چکا ہے۔

وزیر اعلی نے کہاکہ سماجی ترقی اور سکیورٹی اداروں کی تربیت کیلئے برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس سلسلے میں برطانیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین باہمی راوبط کے فروغ کیلئے کی جانیوالی دو طرفہ کوششوںسے تعلقات میں اضافہ ہورہاہے۔برطانوی سفیر تھامس ڈریو نے پنجاب میں ترقی٬خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوںکیلئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اوربالخصوص دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون سازی ٬ خواتین کی ترقی اور معاشی سرگرمیوںکے فروغ کے اقدامات کو سراہا۔

پاکستان میں برطانوی سفیر تھامس ڈریو ٬ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ناصر خان جنجوعہ٬صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ٬چیف سیکرٹری پنجاب٬آئی جی پولیس پنجاب اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے انفارمیشن اینڈ کلچر محمد مالک بھی اس موقع پر موجود تھے۔