پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں چائنہ پاکستان راہداری منصوبہ پر لیکچر سیمینار کا انعقاد

پیر 24 اکتوبر 2016 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) حکومت پنجاب کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور وزارت پلاننگ ٬ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز حکومت پاکستان کے باہمی اشتراک سے چائنہ پاکستان راہداری منصوبہ پر لیکچر سیمینار گزشتہ روز پی اینڈ ڈی کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوا۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان نے لیکچر سیمینار کی صدارت کی جبکہ حکومتی محکمہ جات کے صوبائی سیکرٹریز سمیت ممبرز پی اینڈ ڈی بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران نے شریک ہوئے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر و کوآرڈینیٹر پاک چائنہ راہداری منصوبہ وزارت پلاننگ ٬ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز اسلام آباد میجر جنرل (ر) ڈاکٹر زاہر شاہ نے شرکا ئے سیشن کو پاک چائنہ راہداری منصوبہ کی اہمیت اور صوبہ پنجاب میں معیشت کی بہتری میں مذکورہ منصوبے کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے خصوصی لیکچر دیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ لیکچر سیشن کا بنیادی مقصد تمام حکومتی محکمہ جات اور سٹیک ہولڈرز کو سی پیک گیم چینجر پراجیکٹ کی اہمیت اور فوائد کے بارے میں آگاہی دینے کے ضمن میں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔

لیکچر سیمینار برائے پاک چائنہ راہداری منصوبہ سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر و کوآرڈینیٹر سی پیک میجر جنرل ڈاکٹر زاہر شاہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب ملک پاکستان کا دل ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس بنا پر صوبے میں سازگار کاروباری ماحول کے بہترین اور وافر مواقع میسر ہیں۔ پوٹینشل سیکٹرز٬ لائٹ انڈسٹریز٬ الیکٹرانک٬ ٹیکسٹائل٬ کیمیکلز انڈسٹری٬ انفارمیشن ٹیکنالوجی٬ منرلز٬ آٹو موٹو انڈسٹریز اور انفراسٹرکچر سیکٹر مذکورہ راہداری منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان نے لیکچر سیمینار کی صدارت کے دوران خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک چین اور پاکستان کی حکومتوں کے مقاصد کے بارے میں شرکا کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ سی پیک ملک چین کے ساتھ تعلیمی٬ برادرانہ اور باہمی ثقافتی تعلقات کو آگے بڑھانے کا ایک بہترین راستہ ہے۔ سی پیک نیٹ ورک پراجیکٹ کے ذریعے سے دونوں اطراف پر باہمی مواقع میسر ہونگے۔لیکچر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار علی سہو نے کہا کہ پاک چائنہ راہداری منصوبہ تمام ممکنہ مراکز کی لاجسٹک کا نیٹ ورک ثابت ہوگا۔سیمینار کے اختتام پر شرکا کی جانب سے سوال و جواب کے سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :