ہر شخض جانتا ہے ملک مخالف تقاریر کرنیوالوں کیخلاف کیا کارروائی کی گئی ٬سب کو پاکستانی ہونے کے ناطے سوچنا ہے‘لاہور ہائیکورٹ

وفاقی حکومت نے ابھی تک کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے ٬آگاہ کیا جائے وزارت قانون سے کیوں دو ماہ کی تاخیر سے مشاورت کی جارہی ہی ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخی ٬غداری کے مقدمات قائم کرنے کیلئے درخواستوں کی سماعت 10نومبر تک ملتوی

پیر 24 اکتوبر 2016 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخی اور اس کے قائد ین کیخلاف غداری کے مقدمات قائم کرنے کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت 10نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو جواب داخل کرنے کی مہلت دیدی ۔جبکہ فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے پر ابھی تک کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے ۔

آگاہ کیا جائے وزارت داخلہ دو ماہ کی تاخیر سے کیوں وزارت قانون سے مشاورت کررہی ہی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی ۔ فاضل بینچ کے حکم پر سیکرٹری داخلہ عدالت کے رو برو پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ 22 اگست کی تقریر کا جائزہ لیا جارہا ہے ٬ ان معاملات کا سنجیدگی سے انتہائی گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ بھی ان معاملات پر وزارت قانون کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے ۔ایم کیو ایم کا ایک حلقہ ہے ٬یہ ایک بہت ہی حساس معاملہ ہے ٬ استدعاہے کہ اس متعلق رپورٹ کیلئے مزید مہلت دی جا ئے۔ فاضل عدالت نے جواب داخل کرنے کی مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بتایا جائے اب کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیںتاکہ ہم ان کا جائزہ لے سکیں ۔ابھی تک وفاقی حکومت نے اس معاملے پر کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے ٬وزارت داخلہ کیوں دوماہ کی تاخیر سے وزارت قانون سے مشاورت کررہی ہے۔

سیکرٹری داخلہ مسلم لیگ (ن) کے نہیں وفاقی حکومت کے ترجمان ہیں٬وزارت داخلہ دو ماہ کی خاموشی کی ٹھوس وجوہات سے آگاہ کرے ۔فاضل عدالت نے دوران سماعت قرار دیا کہ ہم سب پاکستانی ہیں او رجو کچھ بھی ہیں اس وطن کی وجہ سے ہیں۔آپ سیکرٹری داخلہ بھی پاکستان کی وجہ سے ہیں۔ ہر شخص جاننا چاہتا ہے کہ ملک مخالف تقریر کرنے والوں کے خلاف کیا کاروائی کی گئی۔

فاضل عدالت نے مزید کہا کہ بلوچستان کی صورتحال سب کے سامنے ہے ٬ اس ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اگر اس کیخلاف سخت اقدامات نہ کیے گئے تو آپ جانتے ہیں کہ کیا ہوگا سب نے پاکستانی ہونے کے ناطے سے سوچنا ہے٬ ہم آپ کو ریاست کا نمائندہ سمجھتے ہیں۔ فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سے تحریری جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :