پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی علاقوں کے لئے ایئر سفاری سروس کا آغاز اور رعایتی ٹکٹس متعارف کرائے

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری عبدالغفور کی پی آئی اے کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 24 اکتوبر 2016 18:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی) چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ سیاحتی صنعت کے فروغ میں پی آئی اے اور پی ٹی ڈی سی اہم سٹیک ہولڈرز ہیںِِ پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی علاقوں کے لئے ایئر سفاری سروس کا آغاز اور رعائیتی ٹکٹس متعارف کرائے۔

وہ پیر کو پی آئی اے کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈاکٹر خرم مشتاق کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے ۔ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ پی آئی اے کا سائوتھ ایشیاء میں ایئر لائن کی دنیا میں بانی ایئر لائنوں میں شمار ہوتا ہے اور پی آئی اے نے سیاحت کے حوالے سے بھی پی ٹی ڈی سی کے اہداف کے حصول میں کافی حد تک مدد کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجویز دی کہ پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی علاقوں کے لئے ایئر سفاری سروس کا آغاز کرے اور رعائیتی ٹکٹس متعارف کرائے تا کہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی زیادہ سے ذیادہ تعداد پاکستان کے سیاحتی مقامات کا رخ کرے ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے بیرون ممالک میں اپنے دفاتر میں پی ٹی ڈی سی کے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تشہیری مواد رکھے ۔ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی آئی اے نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کو یقین دہانی کرائی کہ پی آئی اے سیاحت کے فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی کے ساتھ مکمل تعاون کریگی اور ایئر سفاری کے حوالے سے تجویز پر بھی غور کیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :