لاہور آرٹس کونسل کی سالانہ آمدنی میں ایک کروڑ سے زائد کمی پر تحریک التواء کار پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور آرٹس کونسل کی سالانہ آمدنی میں کمی سے تشویش پائی جاتی ہے٬شفاف انکوائری کرائی جائے‘نبیلہ حاکم علی

پیر 24 اکتوبر 2016 17:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے الحمراء ہال کی سالانہ آمد میں کمی پر تحریک التواء کار اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔ تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ لاہور آرٹس کونسل کے پروگرامز کی فائلوں کا جائزہ لینے کے دوران الحمراء کی سالانہ آمدنی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق لاہور آرٹس کونسل کے ہال تقریب کیلئے فراہم کیے جاتے ہیں مگر ان کا کرایہ وصول نہیں کیا جاتااور اگر کسی سے کرایہ وصول کیاجاتا ہے تو اس کے کھاتوں میں 50فیصد وصولی ڈالی جاتی ہے۔مزید کہا گیا لاہور آرٹس کونسل میں ہونے والی مختلف کلاسز میں مطلوبہ طلباء کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اور دوسری طرف سہولتوں کی فراہمی کی مد میں معاوضے ٬عدم وصولی اور کنسلٹس سمیت سروسز کی مد میں بھی فیسوں میں کمی ہوئی ہے۔لاہور آرٹس کونسل کی سالانہ آمدنی میں کمی سے تشویش پائی جاتی ہے ٬لہذا مطلوبہ ہے کہ اس شفاف انکوائری کرائی جائے اور ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے اور ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔