ملک کا بچہ بچہ وطن پر مر مٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے٬ مفتی محمد لیاقت علی

پیر 24 اکتوبر 2016 16:54

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) جماعت اہلسنت پاکستان راولپنڈی کے ضلعی امیر مفتی محمد لیاقت علی نے کہا ہے کہ 29 نومبر کو ملک بھر سے لاکھوں کارکنان شرکت کرینگے٬ پنجاب پولیس کے جوانوں کے ساتھ شرکاء کی حفاظت کیلئے ہزاروں کارکنان موجود ہونگے٬ اس کنونشن کے پلیٹ فارم سے اسلام و ملک دشمنوں کو پیغام دیا جائے گا کہ ہم ایک ہیں٬ ہمارے ملک کا بچہ بچہ پیارے وطن پر مر مٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان زندہ باد کنونشن کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری ریاض المصطفی بخاری٬ چیف آرگنائزر ضلع راولپنڈی غلام محمد چشتی٬ ناظم شعبہ خد مت خلق ابرار احمد٬ جنرل سیکرٹری سٹی راولپنڈی فدا حسین الحسینی سمیت کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ناظم شعبہ خدمت خلق ابرار احمد نے کہا کہ کنونشن کے شرکاء ہمارے معزز مہمان ہو نگے اس لئے ان کی خدمت کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی٬ ملک بھر سے شرکاء بلا خوف و خطر کنونشن میں شرکت کیلئے آئیں۔ اجلاس کے آخر میں کنونشن کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی۔