نیب بلوچستان کا بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے میڈیا ہاوسز کے مابین مختصر دورانیے کی فلموں کے مقابلوں کے انعقاد کا اعلان

لوگ کرپشن کے خلاف مثبت راہ کا تعین کرسکیں گے٬طارق محمود ملک

پیر 24 اکتوبر 2016 16:45

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) معاشرے سے بدعنوانی کے عفریت کے خاتمے اور عوام میں شعور وآگاہی اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی احتساب بیورو نے میڈیا ہاوسز کے مابین مختصر دورانیے کی فلمز کے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے٬ مقابلے میں پہلی ٬ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو بالترتیب 70ہزار50 ہزار اور 30 ہزار روپے کے نقدانعامات دئیے جائیں گے۔

سال 2015 میں نیب کے زیر اہتمام مقابلوںمیں موصول ہونے والی مختصر دورانیے کی فلمز کی پی ٹی وی پر سکرینگ کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے امسال بھی مقابلے میں حصہ لینے والے میڈیا ہاوسز کی معیاری فلمز کو پی ٹی وی پر چلوانے کا اہتمام کیا جائیگا تاکہ عوام الناس کو شامل کر کے بد عنوانی کے خلاف شعور و آگاہی کی مہم کو مہمیز کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

نیب بلوچستان کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان مقابلوں کا مقصد معاشرے سے کرپشن کے ناسور کا مکمل خاتمہ اور عوام الناس میں اس لعنت کے خلاف شعور و آگاہی اور بدعنوانی کے خلاف رویوںاور اخلاقی مزاحمت کی شعوری تحریک کو پیدا کرنا ہے۔

مذکورہ مقابلوں کیلئے خواہشمندفلم ساز ٬ قلمکار اور پروڈیوسرز بد عنوانی کو موضوع بنا کر اصلاح احوال کے جذبے سے برائی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔مقابلوں میں حصہ لینے واے میڈیا ہاوسزکرپشن کے موضوع پرپانچ سے دس منٹ دورانیے کی فلم کی ایک کاپی نیب بلوچستان آفس 25 نومبر سے پہلے تک جمع کر وا سکتے ہیں۔ جبکہ مذکورہ فلمز نیب بلوچستا ن کے ای میل ایڈریس [email protected] پربھی میل کی جا سکتی ہیں ۔

مقابلوں میں شفافیت کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے ملک کے نامور اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائینگی ۔کامیاب قرار پانے والے میڈیا ہاوسز کو 9 دسمبر عالمی اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر کیش انعامات دیئے جائیں گے۔ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان طارق محمود ملک نے مختصر دورانیے کی فلمز کے پیشہ ورانہ مقابلوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام مکتبہ فکر کے افراد میں شعوری آگاہی پیدا کرنے کے لیے جاری مہم میں یہ مقابلے حوصلہ مند اقدامات ثابت ہونگے اور میڈیا تک رسائی رکھنے والے تمام طبقات کی کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زہن سازی کے لیے فکر کی ایک نئی راہ کھلے گی اور لوگ کرپشن کے خلاف مثبت راہ کا تعین کرسکیں گے ان مقابلوں کے باعث مقامی وقومی میڈیا میں کرپشن اور بدعنوانی کے بہت سے ایسے پوشیدہ منفی مضمرات بھی سامنے آئیں گے جو بظاہر عوام کی نظر سے پوشیدہ ہیں جبکہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مثبت تجاویز بھی سامنے آئیں گی جس کی روشنی میں شعوری آگاہی مہم کو مزید موثر خطوط پر استوار کیا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :