حج کے بہترین انتظامات٬وزیراعظم کا وزارت مذہبی امور٬حج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار ماہ کی اضافی تنخواہیں دینے کا اعلان

حجاج کرام کو رہائشی ٬سفری اورصحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے٬آئندہ کیلئے مدینہ منورہ میں بھی حج ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے ٬ہدایت

پیر 24 اکتوبر 2016 16:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے حج کے بہترین انتظامات پر وزارت مذہبی امور اورحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار مہینوں کی اضافی تنخواہیں دینے کے احکاما ت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ کیلئے مدینہ منورہ میں بھی حج ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے ٬حجاج کرام کو رہائشی ٬سفری اورصحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ بات پیرکو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ٬سیکرٹری مذہبی امور مرزا سہیل عامر اور ڈی جی حج جدہ ساجد یوسفانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر اور وزارت مذہبی اموروحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت کرنا بھی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اورآپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے آپ کو حاجیوں کی خدمت کا موقع عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ حج انتظامات پچھلے سالوں کے مقابلے میں انتہائی موثراور احسن انداز میں سرانجام دیئے گئے ہیں ٬اس ضمن میں سعودی حکومت کے بھرپور تعاون کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ حجاج کرام کو رہائشی ٬سفری اورصحت کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔وزیر اعظم نے آئندہ کیلئے حجاج کرام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مدینہ منورہ میں حج ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری دی ٬ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں موجودہ حج ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کو ترقی دیکر ڈائریکٹوریٹ جنرل بنانے کے احکامات بھی جاری کئے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے حج کے بہترین انتظامات پر وزارت مذہبی امور اورحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار مہینوں کی اضافی تنخواہیں دینے کے بھی احکامات جاری کئے ٬ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آئندہ سال حج انتظامات اس سال سے بھی بہترہونگے جوکہ باقی وزارتوں اور اداروں کیلئے قابل تقلید ہونگے۔

متعلقہ عنوان :