ْسندھ ہائیکورٹ٬ زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس٬ پانچ سیکرٹریز کی حفاظتی ضمانت میں توسیع

پیر 24 اکتوبر 2016 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء)سندھ ہائیکورٹ نے زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں نیب انکوائری کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری صدیق میمن سمیت پانچ سیکرٹریز کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی۔چیف سیکرٹری ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ہیں٬ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے نیب کو معاملے کا جائزہ لے کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم چیئرمین نیب نے معاملے کا جائزہ لیے بغیر انکوائری کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب حکام نے صدیق میمن اور دیگر کے تفتیشی افسر اصغر سے تفتیش واپس لے کر حسن نور کے سپرد کردی ہے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ زمینوں کی الاٹمنٹ کی تحقیقات کے لیے چار ماہ وقت دیا گیا ہے٬عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ نیب انکوائریز کو بلاجواز طول دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔چیف سیکرٹری اور دیگر کے خلاف ایک ماہ میں انکوائری مکمل کی جائے۔عدالت نے چیئرمین نیب کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرکے قانون کے مطابق ریفرنس دائر کیا جائے۔عدالت نے بعد میں چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن سمیت پانچ سیکرٹریز کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔#