نوازشریف اور مودی دو نوں پاکستان کیلئے زہر قاتل ہیں ٬عمران خان

جب بھی نواز شریف پر کوئی دباؤ پڑتا ہے کنٹرول لائن پر ماحول گرم ہوجاتا ہے٬ہمیں پیپلزپارٹی کی ضرورت نہیں ٬اس کے لانگ مارچ تک آر یا پار ہو جائیگا ٬میڈیا سے گفتگو

پیر 24 اکتوبر 2016 16:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف فوج کو تنہا کررہے ہیں ٬جب بھی نواز شریف پر کوئی دباؤ پڑتا ہے کنٹرول لائن پر ماحول گرم ہوجاتا ہے٬ نوازشریف اور مودی دونوں کا بیانیہ ایک ہے ٬ دونوں پاکستان کیلئے زہر قاتل ہیں ٬ہمیں پیپلزپارٹی کی ضرورت نہیں ہے ٬پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ تک آر یا پار ہو جائیگا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’نریندر مودی کی جانب سے بار بار حملے ہورہے ہیں٬ جو زبان بھارت پاکستان کیخلاف بول رہا ہے وہی امریکا بھی بولنے لگا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرح امریکا نے بھی افغانستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس کا الزام آئی ایس آئی پر لگادیا ہے اور آئی ایس آئی پر الزام لگنے کا مطلب فوج پر الزام لگنا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے تھے کہ بے نظیر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ نواز شریف سے بڑا خطرہ کیا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنی فوج کو تنہا کررہے ہیں٬ اس سے بڑا سیکیورٹی خطرہ کیا ہوگا۔عمران خان نے مزید کہا کہ جب بھی وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کچھ ہونے جارہا ہوتا ہے تو یا تو لائن آف کنٹرول پر کچھ ہونا شروع ہوجاتا ہے یا پھر دھماکے ہونا شروع ہوجاتے ہیں٬ اس حوالے سے پارٹی اجلاس میں غور کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ وزیر دفاع فوج کے دفاع میں جواب دینے کے بجائے شوکت خانم کے حوالے سے باتیں کررہے ہیں۔

ان کو فوج کیخلاف سازشوں کا جواب دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ موٹو گینگ میرے کیخلاف کرپشن کے الزامات لگا رہا ہے ہوسکتا ہے کہ موٹوگینگ کے لئے بھی فوج کی ضرورت پڑ جائے ۔انہوںنے کہاکہ اگر میرے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں تو حکومت میرے خلاف کارروائی کرے ۔موٹوگینگ مسلسل جھوٹ بول رہا ہے جس کے باعث اس کی شکلیں بدل گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہے ہم حتجاج اوردھرنے اکیلے ہی کافی ہیں ٬ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ تک آر یا پار ہو جائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ اب بھی موقع ہے نواز شریف اپنا استعفیٰ پیش کردیں اور خود کو احتساب کیلئے پیش کردیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کرپشن زدہ لوگ ہی نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور نوازشریف پانامہ لیکس میں پکڑے جارہے ہیں جس کے باعث وہ پریشان ہیں ۔