پاکستان کا مستقبل روشن ٬ 2050تک ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوجائینگے٬صدرمملکت

ہمارے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ حاصل ہے ٬ پاکستان میں مالیاتی نظم و نسق کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ٬ ممنون حسین کی قطربزنس ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

پیر 24 اکتوبر 2016 16:12

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ٬ 2050تک پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا ٬پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک بن چکا ہے اور یہاں بے پناہ مواقع موجود ہیں٬ ہمارے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ حاصل ہے ٬ پاکستان میں مالیاتی نظم و نسق کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر بزنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کر نے میں دلچسپی کا اظہار کیا جس کا صدر مملکت نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن چکا ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور اب پاکستان پرامن ملک بن چکا ہے اس لئے بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے ٬ پاک چین اقتصادی راہداری اس کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری ایک عظیم منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیائی خطے کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا عالمی ادارے بھی اعتراف کررہے ہیں ٬ حکومت سرمایہ کاری کیلئے نجی شعبوں کیساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین ترقی کرنیوالے ممالک میں ہو گا تاہم 2050ء تک پاکستان ترقیاتی یافتہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہو جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ حاصل ہے اور پاکستان میں مالیاتی نظم و نسق کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ٬ پاکستان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیا ں دی ہیں جنہیں دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے اور آپریشن ضرب عضب کے باعث ملک میں آج امن قائم ہو چکا ہے ٬ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری ملک میں اس وقت آتی ہے جب امن وامان کی صورتحال بہتر ہو تو آج پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اور سرمایہ کاروں کوپاکستان میں مکمل تحفظ دیا جائیگا ۔اس موقع پر قطر بزنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر نے میں دلچسپی رکھتے ہیں خاص کر توانائی ٬ بنیادی ڈھانچہ ٬ ڈیری ٬ حلال فوڈ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جس پر صدر مملکت نے ان کا خیرمقدم کیا ۔

متعلقہ عنوان :