وزیر اعظم سے وفاقی وزیر مذہبی امور ودیگر کی ملاقات ٬ بہترین حج انتظامات پر ملازمین کی کوششوں کو سراہا

وزیر اعظم نے حجاج کرام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مدینہ منورہ میں حج ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری دیدی اسلام آباد میں موجودہ حج ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کو ترقی دے کر ڈائریکٹوریٹ جنرل بنانے اور حج کے بہترین انتظامات پر وزارت مذہبی امور اورحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار مہینوں کی اضافی تنخواہیں دینے کے احکامات

پیر 24 اکتوبر 2016 16:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے وزیر اعظم ہائوس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف ٬سیکرٹری مذہبی امور مرزا سہیل عامر اور ڈی جی حج جدہ ساجد یوسفانی نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر اور وزارت مذہبی اموروحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت کرنا بھی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اورآپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے آپ کو حاجیوں کی خدمت کا موقع عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ حج انتظامات پچھلے سالوں کے مقابلے میں انتہائی موثراور احسن انداز میں سرانجام دیئے گئے٬اس ضمن میں سعودی حکومت کے بھرپور تعاون کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل تحسین ہے کہ حجاج کرام کو رہائشی ٬سفری اورصحت کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آئندہ کیلئے حجاج کرام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مدینہ منورہ میں حج ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری دیدی ۔وزیر اعظم نے اسلام آباد میں موجودہ حج ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کو ترقی دے کر ڈائریکٹوریٹ جنرل بنانے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے حج کے بہترین انتظامات پر وزارت مذہبی امور اورحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار مہینوں کی اضافی تنخواہیں دینے کے بھی احکامات جاری کردیئے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آئندہ سال حج انتظامات اس سال سے بھی بہترہونگے جوکہ باقی وزارتوں اور اداروں کیلئے قابل تقلید ہونگے۔

متعلقہ عنوان :