ہمیں ملکر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے٬ آصفہ بھٹوزرداری

ایک پولیو کیس بھی بہت زیادہ ہے٬ ہمیں پولیو کیسز کی تعداد صفر تک لیکر جانی ہے٬ پولیو کے عالمی دن پر پیغام سندھ اور وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر پولیو جیسے مرض کو ختم کرنا چاہتی ہے٬ شہنازوزیرعلی کی میڈیا سے بات چیت

پیر 24 اکتوبر 2016 16:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اوراقوام متحدہ کی پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی سفیر آصفہ بھٹوزرداری نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہمیں ملکر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے٬ انہوں نے انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر پولیو کے خاتمے کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن جاری رکھنے کا عہد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیو کے عالمی دن کے موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے قوم کے نام آڈیو پیغام میں کہاکہ ہمیں ملکر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے٬ پولیو ویکسین کے دو قطرے دو مرتبہ ہر بچے کو پلائیں٬ ہم پولیو کے خاتمے کے بہت قریب ہیں٬ ہم سب کی کوششوں سے پولیو کیسزمیں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹو نے کہا کہ ہمارے لئے ایک پولیو کیس بھی بہت زیادہ ہے٬ ہمیں پولیو کیسز کی تعداد صفر تک لیکر جانی ہے٬ اس طرح ہم اپنے بچوں اور ملک کو پولیو سے پاک رکھ سکتے ہیں۔

دوسری جانب انسداد پولیو مہم کی سرپرست اعلی شہناز وزیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے سندھ اور وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر پولیو جیسے مرض کو ختم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کے شہید بینظیر بھٹو نے پولیو کے خاتمے کا پروگرام شروع کیا تھا اب پولیو کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :