3 سالوں میں دفاتر میں کام کرنے والی ورکنگ ویمن کو ہراساں کرنے کے خلاف 4سو شکایات موصول ہوئیں٬ ترجمان محکمہ ترقی خواتین

پیر 24 اکتوبر 2016 16:02

فیصل آباد۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء)محکمہ ترقی خواتین پنجاب کی ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ 3 سالوںمیں دفاتر میں کام کرنے والی ورکنگ ویمن کو ہراساں کرنے کے خلاف 4سو کے قریب شکایات موصول ہوئیںجن میں سے اکثریتی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا گیا۔یہی وجہ ہے کہ اب دفاتر کا ماحول انتہائی بہتر ہوگیا اور اب خواتین کام کرنے کی جگہ پر مردوںکی جانب سے ناپسندیدہ حرکات سے خود کو محفوظ تصورکر رہی ہیں جس سے ان کی کام کرنے کی ذہنی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ دفاتر میں کام کرنیوالی خواتین کو اعتماد اور ورکنگ پلیس پر ہر قسم کے جسمانی و ذہنی تحفظ کیلئے پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ بل کے انتہائی مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہی نہیں بلکہ خاتون صوبائی محتسب کے ادارہ کے قیام نے بھی خواتین میں خود اعتمادی ٬جرات٬حوصلہ پیدا کیا ہے٬ انہوں نے کہا کہ اب دفاتر میں مرد اہلکاروں کی جانب سے اپنی ساتھی خواتین اہلکاروں کو مکمل عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس سے وہ زیادہ بہتر پرفارم کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں شکایات درست ہونے پرفوری کارروائی اور ذمہ داری مردوں کو سزا کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے جس سے اب ان کے اخلاقی رویے تبدیل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت خواتین کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں بھر پور نمائندگی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ خود کو معاشرے کا مفید اور ذمہ دارشہری ثابت کرنے میںکسی سے پیچھے نہ رہ سکیں۔