پینشن نہ ملنے پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازم نے چھٹی منزل سے کود کر خود کشی کرلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 24 اکتوبر 2016 15:14

پینشن نہ ملنے پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازم نے چھٹی ..

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24اکتوبر۔2016ء) پینشن نہ ملنے پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازم نے سوک سینٹر کی چھٹی منزل سے کود کر خود کشی کرلی۔ذرائع کے مطابق 60 سالہ محمد اقبال علی کے ایم سی کا ملازم تھا جو 1999 میں ریٹائر ہوا تھا۔پولیس کے مطابق محمد اقبال نے سوک سینٹر کی چھٹی منزل سے چھلانگ لگائی، جسے شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تفتیش کی جارہی ہے۔متوفی محمد اقبال لانڈھی کے علاقے مانسہرہ کالونی کا رہائشی تھا۔کے ایم سی ذرائع کے مطابق محمد اقبال 1999 میں کے ایم سی سے ریٹائر ہوا تھا اور گذشتہ کئی روز سے پینشن کے لیے سوک سینٹر کے چکر لگا رہا تھا اور آج دلبرداشتہ ہوکر اس نے چھٹی منزل سے چھلانگ لگالی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد اقبال نے پینشن نہ ملنے کی وجہ سے خودکشی نہیں کی اور اس کی پینشن ادا کی جاچکی تھی۔واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کے 74 کروڑ روپے کے چیک تیار ہیں لیکن فنڈز نہ ہونے کے باعث ریٹائرڈ ملازمین میں چیک تقسیم نہ ہوسکے۔ اطلاعات کے مطابق بلدیاتی اداروں کے 1330 ریٹائرڈ ملازمین اپنی پینشن کے حصول کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

متعلقہ عنوان :