چائلڈ لیبر کی بدترین اشکال کے خاتمے کا منصوبہ کامیابی سے اہداف حاصل کررہاہے‘ راجہ اشفاق سرور

.832ملین روپے پر مشتمل یہ پانچ سالہ منصوبہ جھنگ ٬ لیہ٬ جہلم اورچکوال میں تیزی سے جاری ہے‘ صوبائی وزیر

پیر 24 اکتوبر 2016 14:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کی لعنت سے نجات حاصل کرنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا٬ جھنگ٬ لیہ٬ جہلم اور چکوال میں 180.832ملین روپے کی خطیر لاگت سے چائلڈ لیبر کی بدترین اشکال کے خاتمے کے لیے حکومت پنجاب کا پانچ سالہ منصوبہ کامیابی سے اہداف حاصل کررہاہے۔

انہوںنے یہ بات ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر محمد سلیم حسین کے ساتھ ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر محمد سلیم حسین نے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کو بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں ان 4اضلاع کے مختلف مقامات پرمحکمہ لیبر و انسانی وسائل کے 120نان فارمل ایجوکیشن سنٹرز پر5سے 14سال کی عمر کے 4200سے زائد غریب اور نادار بچوں کو پرائمری کی سطح پر 40ماہ پر محیط مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ لیبر یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز)کے تعاون سے مکمل کررہاہے۔ دوسرے مرحلے میں 14سے 18سال کے عمر کے 2500 بالغ افراد کو40 لٹریسی و سکلز ٹریننگ سنٹرز میں100 سے زائد 3ماہ پر محیط لٹریسی کم سکلز ٹریننگ کورسز مکمل کروانے کے بعد لڑکوں ان کی ٹریننگ ٹریڈکے مطابق ٹول کٹس جبکہ لڑکیوںکو سلائی مشینیں ٬بیوٹی کٹس اور کشیدہ کاری فریم مفت فراہم کی گئی ہیں تاکہ یہ نوجوان تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے بعد ان کٹس کی مدد سے اپنا ذاتی روزگار شروع کرسکیں اس کے علاوہ پرو گرام کے تحت مزید 500طلبا و طالبات بھی یہ ٹریننگ کو رس مکمل کر رہے ہیں۔

محمد سلیم حسین نے بتایا کہ ان چاراضلاع میںآکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے تحت20 ماڈل ورک پلیس(Model Work Place)قائم کئے جاچکے ہیںجہاںمالکان ٬ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں اور مختلف صنعتی و تجارتی اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور مزدوروں کو اپنے کام کے ایریاز میں جانی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ویڈیوز اور عملی مظاہرے کے ذریعے آگاہی فراہم کی جارہی ہے تاکہ دوران کام حادثات سے بچائو یقینی بنایا جاسکے ۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے چائلڈ لیبر کی بدترین اشکال کے خاتمے کے اس منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صوبہ پنجاب سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف کے ویژن کے تحت اس منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل پہنچایا جائے۔