سندھ حکومت کا غیرمسلموں کی عبادت گاہوں کے اطراف کیمرے لگانے کا منصوبہ

پیر 24 اکتوبر 2016 14:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر سکندر شورو نے صوبے بھر میں موجود غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کے اطراف 5 ہزار سے زائد جدید سیکورٹی سرویلنس کیمرے نصب کرنے کی حتمی منظوری دیتے ہوئے سیکریٹری آئی ٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی احکامات ہیں کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبے بھر میں موجود اقلیتی برادری کی تمام عبادت گاہوں کا سیکورٹی سروے کروایا جائے اور رپورٹ کی روشنی میں عبادت گاہوں کے اطراف 4سے 16 کیمرے اس انداز سے نصب کئے جائے کے مانیٹرنگ موثر انداز سے ہو سکے جس سے عبادت گاہیں مزید محفوظ ہوجائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے 400 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 7ملین روپے منصوبے کی مانیٹرینگ اور دیکھ بھال پر خرچ ہوں گے جس کے لیے مانیٹرنگ روم بھی تعمیر کیے جائیں جہاں پر 24 گھنٹے تربیت یافتہ اسٹاف موجود ہو گا ۔ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ یہ منصوبہ موجودہ حکومت کی جانب سے ای گورننس کے لیے کئے گئے اقدامات اور آ ئی ٹی روڈ میپ کاحصہ ہے جس کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عوامی خدمت اور اس مد میں ہونے والے اخراجات میں کمی کے لیے موثر انداز سے استعمال کرنا شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :