وفاقی کابینہ نے حج اور عمرہ ایکٹ کی منظوری دیدی ٬جلد اسمبلی سے منظور کرایا جائیگا٬ سردار محمد یوسف

پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز سرکاری سکیم کی طرح حج پیکیج کو کم کریں٬عمرہ کے ذریعے ذاتی مفاد حاصل کرنیوالوں کا محاسبہ کیا جائیگا٬ سرکاری سکیم ہو یا پرائیویٹ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا جذبہ ہونا چاہئے ٬عبادت سے جنت اور خدمت سے ’اللہ‘ ملتا ہے پرائیویٹ سیکٹر کو بھی حج انتظامات بارے مشاورت میں شامل رکھا ٬مشترکہ کوششوں سے حج آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے٬وفاقی وزیر مذہبی امور کا ہوپ کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب

پیر 24 اکتوبر 2016 13:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز سرکاری سکیم کی طرح حج پیکیج کو کم کریں٬وفاقی کابینہ نے حج اور عمرہ ایکٹ کی منظوری دیدی ہے جسے جلد ہی اسمبلی سے منظور کرایا جائیگا٬ عمرہ کے ذریعے ذاتی مفاد حاصل کرنیوالوں کا محاسبہ کیا جائیگا٬ سرکاری سکیم ہو یا پرائیویٹ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا جذبہ ہونا چاہئے کیونکہ عبادت سے جنت اور خدمت سے ’اللہ‘ ملتا ہے٬پرائیویٹ سیکٹر کو بھی حج انتظامات کے حوالے سے مشاورت میں شامل رکھا ہے٬ سب کی مشترکہ کوششوں سے حج آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے٬عوامی سطح پر حج آپریشن کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ٬لوگ مبارباد کے خطوط ارسال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

۔پیر کو حج گروپ آرگنائزر ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برادری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2016ء کی شاندار کامیابی پر ایچ جی اوز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے جب مجھے وزارت کی ذمہ داری سونپی تھی تو یہ میرے لئے بڑا چیلنج تھا کیونکہ اس سے قبل کے حالات سے سب بخوبی آگاہ ہیں۔

2013ء‘ 2014‘ اور 2015ء کے حج آپریشنز میں عوام نے سرکاری سکیم کو زبردست پذیرائی بخشی۔ حج 2016ء کے لئے دو لاکھ 80 ہزار درخواستوں کا جمع ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ سرکاری سکیم ہو یا پرائیویٹ ہمارا مقصد حاجیوں کی خدمت ہونا چاہئے۔ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی حج انتظامات کے حوالے سے ہم نے مشاورت میں شامل رکھا ہے۔ سب کی مشترکہ کوششوں سے حج آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج آپریشن حکومت اور پاکستان کے لئے نیک نامی کا باعث بنا ہے۔ لوگ وزیراعظم اورانہیں مبارکباد کے خطوط ارسال کررہے ہیں عوامی سطح پر حج آپریشن کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے انہوں نے حج آپریشن میں ذرائع ابلاغ کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج اور عمرہ عبادت ہے سرکاری فرائض اپنی جگہ ہم یہ فریضہ عبادت سمجھ کر ادا کرتے ہیں۔

عمل کا دارو مدار نیت پر ہے۔ پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز بھی یہ فریضہ عبادت سمجھ کر کریں اور ان کا مقصد حاجیوں کی خدمت ہونا چاہئے عبادت سے جنت ملتی ہے جبکہ خدمت سے’اللہ‘ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج اور عمرہ کے حوالے سے ایکٹ کی وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی ہے۔ جسے جلد اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔ عمرہ کے معاملات کو سب کی مشاورت سے زائرین کے لئے آسان بنایا جائے گا اور عمرہ کے ذریعے ذاتی مفاد حاصل کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے ہوپ کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور ان سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی حج امو رکو بہترین بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے حج ٹوور آپریٹرز سے کہا کہ وہ بھی سرکاری سکیم کی طرح پرائیویٹ حج پیکج کو کم سے کم سطح تک لانے کی کوشش کریں ۔ وزیر مذہبی امور نے ’’ہوپ‘‘ کے نومنتخب عہدایداروں سے حلف لیا۔ ’’ہوپ‘‘ کی جانب سے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کو حج 2016ء کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کی گئی اور انہیں یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔

تقریب میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سہیل عامر اور جوائنٹ سیکرٹری محمد فاروق نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں ہوپ کے چیئرمین ندیم شریف نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کامیاب حج آپریشن پر وزیر مذہبی امور اور وزارت مذہبی امور کی کاوشوں کی خاص طور پر تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :