کشمیرپاکستان بھارت کا بنیادی مسئلہ ہے٬عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے٬ محمد نواز شریف

کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کا وقت آگیا ہے٬پاکستان امن پسند ملک ٬ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ٬ضرب عضب سے خطے میں امن قائم ہوا٬ وزیراعظم کی برطانوی مشیر قومی سلامتی مارک لائل گرانٹ سے گفتگو

پیر 24 اکتوبر 2016 13:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت میں بنیادی مسئلہ ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے٬ضرب عضب سے خطے میں امن قائم ہوا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ بات برطانوی مشیر قومی سلامتی مارک لائل گرانٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی ٬ ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیا ل کیاگیا۔ سرمارک لائل گرانٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

برطانوی مشیر قومی سلامتی نے پڑوسی ملکوں سے قریب تعاون کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہیں اور گزشتہ چند ماہ میں 100 سے زائد معصوم کشمیری شہید کئے جاچکے ہیں جبکہ ہزاروں کشمیری زخمی ہیں۔ بھارتی فوج نے بربریت کی انتہاء کرتے ہوئے پیلٹ گن کا استعمال کیا جس کے باعث سینکڑوں کشمیری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کا وقت آگیا ہے۔

عالمی برادر ی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کو ان کے حقوق کی ضمانت دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے جس کے حل ہونے سے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔