پاکستان دنیا کاپہلا ملک ہے جس نے ایس ایم ایس پر ووٹر لسٹ ڈالی ہے٬جی آئی ایس سسٹم کے تحت پورے پاکستان کے پولنگ سٹیشنوں کی تصاویر گوگل میپ پر موجود ہوں گی ٬ گھوسٹ پولنگ سٹیشن ختم کردیئے جائیں گے٬ ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو فون سیٹ دیں گے٬جیو ٹیگ کو اپریل تک حتمی شکل دے دی جائے گی

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا رزلٹ مینجمنٹ سسٹم اور جی آئی ایس پولنگ سکیم کے ماسٹر ٹرینرز کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب

پیر 24 اکتوبر 2016 13:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہاہے کہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کے استعمال اوراس کیلئے انتخاب پر غور کیاجارہاہے٬ اس سسٹم کے ماسٹر ٹرینرز سے توقع ہے کہ وہ نچلی سطح پر جا کر عملے کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کریں جبکہ الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام دو روزہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم اور جی آئی ایس پولنگ سکیم کے ماسٹر ٹرینرز کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں شروع ہو گئی جس میں ملک بھر سے 20 ڈپٹی ڈائریکٹرز ٬ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت آئی ٹی سے متعلقہ افسران شریک ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ 2013ء کے انتخابات کے جائزے کیلئے قائم کمیشن نے تربیت کے فقدان کی نشاندہی کی جس پر اب خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن ایک ٹیم کے ساتھ آگے بڑھ رہاہے ٬ اگر یہ ٹیم کامیاب ہو گئی تو یہ کمیشن کی کامیابی ہے جبکہ ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پاکستان دنیا کاپہلا ملک ہے جس نے ایس ایم ایس پر ووٹر لسٹ ڈالی ہے ۔

جی آئی ایس سسٹم کے تحت پورے پاکستان کے پولنگ سٹیشنوں کی تصاویر گوگل میپ پر موجود ہوں گی ۔ گھوسٹ پولنگ سٹیشن ختم کردیئے جائیں گے۔ تمام ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو فون سیٹ دیں گے ۔جیو ٹیگ کو اپریل تک حتمی شکل دے دی جائے گی جبکہ انتخابی شیڈول سے 6ماہ قبل تک پولنگ سٹیشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔ انہوںنے بتایاکہ2018ء میں ملک بھر کے 849حلقہ جات میں آر ایم ایس کا استعمال کیا جائے گا جس کے تحت فارم 16اور 17خود کار طورپر دستیاب ہو گا جبکہ فارم 14کا ڈیٹا درج ہو گا۔

انہوںنے بتایاکہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کے تعاون سے 350 سیٹ لئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بد انتظامی اور دھاندلی میں بنیادی فرق ہے ۔ چیف الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن آئی ٹی کے استعمال میں بھرپور مہارت رکھتے ہیں ۔ 2018ء کے انتخابات میں الیکشن کمیشن بڑی تیاری کے ساتھ جارہاہے۔