سوک سینٹر کراچی میں پنشن جاری نہ ہونے پر دلبرداشتہ ریٹائرڈ ملازم کی خودکشی

خودکشی کرنے والا 60 سالہ محمد اقبال کے ایم سی کا ریٹائرڈ ملازم تھا

پیر 24 اکتوبر 2016 13:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2016ء) کے ایم سی کے ریٹائرڈ ملازم نے حکام کی جانب سے پنشن جاری نہ کئے جانے پر سوک سینٹر کی عمارت سے خودکشی کرلی۔ کراچی میٹرو پولیٹن کارپریشن کا ریٹائرڈ ملازم محمد اقبال گزشتہ کئی روز سے اپنی پنشن کے اجرا کے لیے سوک سینٹر میں متعلقہ حکام کے دفاتر کے دھکے کھا رہا تھا۔ پر مرتبہ اس کے کاغذات میں کوئی نہ کوئی خامی نکال دی جاتی۔

(جاری ہے)

پیر کی صبح بھی جب وہ اپنی پنشن کے سلسلے میں سوک سینٹر پہنچا تو ایک بار پھر اسے بہانے بناکر ٹرخا دیا۔ حکام کی جانب سے بہانے بازی پر اقبال دلبرداشتہ ہوکر عمارت کی چھٹی منزل سے کود گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی وگیا۔ وہاں موجود افراد نے اقبال کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی دیگر کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :