قیادت کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار پور ے ملک میں پھیل جائے گا‘ ترجمان پی ٹی آئی

مسلم لیگ (ن) ٬پیپلز پارٹی سمیت دوسری جماعتوں کے لوگوں نے بھی دھرنے میں شرکت کیلئے ا ز خود رابطے کئے ہیں‘نعیم الحق

پیر 24 اکتوبر 2016 13:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق نے واضح کیا ہے کہ 2نومبر کو اسلام آباد دھرنا اس وقت تک جاری رہیگا جب تک وزیر اعظم خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کردیں گے٬اسلام آباد کا دھرنا کسی ایک جماعت کا دھرنا نہیں ہوگا بلکہ اس میں مسلم لیگ (ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت کئی دوسری جماعتوں کے لوگوں نے بھی شرکت کیلئے ہم سے از خود رابطے کئے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ اگرچہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر وزیراعظم نواز شریف کو نوٹس جاری کردیا ہے لیکن وہ عدالت کے سامنے بھی جھوٹ ہی بولیں گے٬ لہٰذاہمارا دھرنا ماضی کی طرح طویل بھی ہوسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پانامہ لیکس اس وقت پوری قوم کا مسئلہ ہے لہٰذاپی ٹی آئی نے ہر ایک کو دعوت دی ہے کہ 2تاریخ کو اسلام آباد میں جمع ہوں۔

(جاری ہے)

دھرنے کی حکمت عملی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اتنی بڑی تعداد میں لوگ آئیں گے کہ جو حکومتی کاروبار ہے وہ معطل ہوجائے گالیکن فوجی اداروں اور عدالتوں کیلئے راستہ بند نہیں کیا جائے گا۔ہم تشدد کے مکمل طور پر خلاف ہیں اور اسی لیے تصادم نہیں چاہتے٬ لیکن اگر حکومت نے ہماری قیادت کو گرفتار کرنے جیسے اقدامات کیے تو پھراس کا ردعمل بھی آئے گا اور احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیل جائے گا۔

عمران خان کی طرف سے تیسری قوت کے اقتدار میں آنے کے اشارے سے متعلق جب ان سے سوال کیا گیا تو نعیم الحق کا کہنا تھا کہجب کوئی سول آمر اپنی حدود سے تجاوز کرتا ہے تو فوج کو مداخلت کرنا پڑتی ہے تو عمران خان نے اس تناظر میں یہ بات کہی۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے ایسی نوبت نہیں آئے گی جس میں فوج کو اقتدار میں آنا پڑے کیونکہ نواز شریف بہت ہی جلد مستعفی ہوجائیں گے۔