شارجہ بزنس وومن کونسل کی سربراہ آتش زدگی سے جاں بحق

آگ لگنے سے بہن اوروالدہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں٬زخمی بھائی اسپتال منتقل

پیر 24 اکتوبر 2016 12:49

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) متحدہ عرب امارات میںشارجہ بزنس وومن کونسل کی سربراہ 38 سالہ امیرہ بنتِ کرم گھر میں آتش زدگی کے واقعے جاں بحق ہو گئیں۔ اس اندوہ ناک واقعے میں امیرہ کی 40 سالہ بہن اور 57 سالہ والدہ بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں جب کہ ان کا 32 سالہ بھائی دم گھٹنے کے سبب زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر شارقہ کے القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق شارقہ میں شہری دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق 4 بج کر 34 منٹ پر گھر کے لاؤنج میں آگ بھڑک اٹھی جب کہ اس وقت تمام اہل خانہ اپنے کمروں میں سو رہے تھے۔ آگ لگنے سے دھواں بڑھتا ہوا کمروں میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں ماں اور دونوں بیٹیاں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں۔

(جاری ہے)

آگ لگنے کے تقریبا چار منٹوں کے بعد ایک پڑوسی نے شہری دفاع کی ٹیم کو اطلاع دی جس کے بعد چند منٹوں میں آگ بجھانے والی گاڑیاں پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا گیا۔

عربی روزنامے الامارات الیوم کے مطابق امیرہ کے زخمی بھائی کو القاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ والد واقعے کے وقت گھر سے باہر تھے۔شارقہ کے حکمراں کی اہلیہ الشیخہ جواہر بنت محمد القاسمی کی جانب سے امیرہ بنتِ کرم ٬ ان کی بہن اور والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :