طالبان نے ہلمند صوبے میں پولیس کے ایک مرکز پر کیے گئے خودکش حملے کی ڈرون سے بنائی گئی ویڈیو جاری کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 24 اکتوبر 2016 12:07

طالبان نے ہلمند صوبے میں پولیس کے ایک مرکز پر کیے گئے خودکش حملے کی ..

کابل(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24اکتوبر۔2016ء) افغانستان میں طالبان نے ہلمند صوبے میں پولیس کے ایک مرکز پر کیے گئے خودکش حملے کی ویڈیو جاری کی ہے اور اس ویڈیو کو ڈرون کیمرے سے بنایا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ویڈیو میں طالبان کے ایک خود کش بمبار کو دیکھا جا سکتا ہے جو فوجیوں کے زیر استعمال ایک خصوصی گاڑی کو پولیس سٹیشن کی جانب لے جا رہا ہے۔

افغان حکومت کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے انٹرنیٹ پر جاری ہونے والی ویڈیو حقیقی معلوم ہوتی ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ افغان طالبان نے ڈرون کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو جاری کی ہے۔رپورٹ کے مطابق ویڈیو کا دورانیہ 23 منٹ ہے جس میں ایک مشتبہ خودکش بمبار امریکی ساختہ فوجی گاڑی ’ہموی‘ کے سامنے کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں موجود شخص یہ کہہ رہا ہے کہ یہ میری زندگی کا پر مسرت موقع ہے میں افغانستان کی فورسز کو کہتا ہوں کہ وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہوں اور طالبان کا ساتھ دیں ورنہ غیر ملکیوں کی جانب سے ملنے والے آلات ہم انھی کے خلاف استعمال کریں گے اور کچھ نہیں کر سکیں گے۔

اس کے بعد ڈرون پر نصب کیمرا خودکش حملے کو فلمبند کرتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھے جانے والے مناظر کے مطابق امریکی ساختہ عسکری گاڑی ایک کمپاونڈ میں داخل ہوتی ہے اور زور دار دھماکہ ہوتا ہے۔ہلمند میں موجود ایک حکومتی عہدے دار نے بتایا کہ 3 اکتوبر کو ہونے والے اس خود کش حملے میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف اور دیگر کئی عہدے دار ہلاک ہوئے تھے۔ویڈیو میں مختلف گرافکس بھی استعمال کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :