اسلام آباد کو بند کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے فل بینچ تشکیل

جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ 26 اکتوبر سے درخواست کی سماعت کرے گا

پیر 24 اکتوبر 2016 11:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے لئے 3 رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا ۔ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کے خلاف لاہور ہوئی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کرکے عمران نے عام شہریوں کو بغاوت پر اکسایا۔

(جاری ہے)

ملک پہلے ہی امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت بند کرنے کی دھمکی سے اسٹاک ایکسچینج اور ملکی معیشت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ تشکیل دیا جس میں جسٹس انوارالحق اور جسٹس قاسم خان بھی شامل ہیں٬ بنچ 26 اکتوبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ عمران خان نے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن کے ٹی او آر کو من و عن تسلیم کرلے۔

متعلقہ عنوان :