پہلی انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی٬ مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے

پاک آرمی نے پہلی٬چائینہ دوسری ٬سری لنکا تیسری جبکہ نیپالی آرمی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی٬پاک آرمی کے محمد فیصل چیمپئن شپ کے بہترین اتھلیٹ قرار آپریشن ضرب عضب سے ملک سمیت خطے میں استحکام آیا ہے‘ آج پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف

پیر 24 اکتوبر 2016 11:13

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک سمیت خطے میں استحکام آیا ہے‘ آج پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے‘ ہمارے بہادر لوگ دنیا کو فخر سے یہ بات بتا سکتے ہیں کہ پاک افغان سرحد کے دور دور تک دہشت گرد وں کے نیٹ ورکس کو ختم کر کے امن و خوشحالی کی فضا قائم کر دی گئی ہے‘ سنگدل دشمن پر قابو پانے کے بعد ہمیں ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا ہو گا ۔

پیسز میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کو مبارکباد دیتا ہوں ‘ امید ہے مستقبل میں کھیلوں کا یہ انعقاد مزید وسیع ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فورٹریس اسٹیڈیم میں ہونے والی پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کو مبارکباد دی اور کہاکہ چیمپئن شپ کے انعقاد سے شرکت کرنے والے ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونگے۔

لاہور میں ہونے والی پہلی انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ میں 15ممالک کی آرمی کے جوانوں نے شرکت کی ۔ اختتامی تقریب فورٹرس اسٹیڈیم میں ہوئی جسے دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر آرمی کے جوانوں نے مختلف ڈرلز اور سکلز کی مہارت کا مظاہرہ کیاجسے مہمان خصوصی نے خوب سراہااور جوانوں کو داد دی انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان چست‘ پھرتیلے اور ہوشیار ہیں ۔

تقریب میں لاہور گریژن اینڈ پولو کلب کے گھڑ سواروں نے نیزہ بازی کے شاندارکمالات دیکھائے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر خوبصورت رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔پہلی انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ میںپاک آرمی نے پہلی ‘ چائنہ نے دوسری ‘ سری لنکا تیسری جبکہ نیپالی آرمی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ پاک آرمی کے محمد فیصل کو چیمپئن شپ کا بہترین اتھلیٹ قرار دیا گیا٬ اس موقع پر آرمی پبلک سکول کے بچوں نے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر ملی نغمہ پیش کیا ۔

اختتامی تقریب میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات جن میں جہانگیر خان‘ سہیل عباس ‘ شعیب اختر اور مونٹ ایورس سر کرنے والے ایشیاء اور پاکستان کی پہلی خاتون ثمینہ خالد بھی موجود تھیں۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی جنرل راحیل شریف نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔